• KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm

بلوچستان:گزین مری تفتیش کے لیے ایک مرتبہ پھرپولیس کی تحویل میں

شائع October 10, 2017

بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری کے بیٹے سابق صوبائی وزیرداخلہ گزین مری کو رہا کرنے کا حکم دیے جانے کے بعد پولیس نے مزید تفتیش کے لیے دوبارہ تحویل میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق گزین مری کو دہشت گردی کے حوالے تفتیش کے لیے تحویل میں لیا گیا ہے جہاں ان سے کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کے حوالے سے پوچھ گچھ ہوگی۔

گزین مری کو جیل کے احاطے سے گرفتار کرکے کوئٹہ کے کینٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔

وکیل کا کہنا ہے کہ گزین مری کو جیل کے احاطے سے ہی تحویل میں لیا گیا ہے تاہم ان کی تمام مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزین مری کو تفتیش کے بعد رہا کردیا جائے گا کیونکہ ان پرایسا کوئی مقدمہ نہیں جس پرگرفتارکیاجائے۔

بلوچستان کے موجودہ وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ گزین مری بم دھماکے اور دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب تھے اس لیے انھیں رہا نہیں کیا جاسکتا اور انھیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

قبل ازیں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نظیراحمد لانگو پر مشتمل بلوچستان ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ نے گزین مری کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی حراست کو 'غیرقانونی' قرار دے دیا۔

بنچ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شیہاک بلوچ سے گزین مری کی حراست کے حوالے سے سوالات کیے جس پر انھوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اس بارے میں عدالت کو بتا سکتی ہے۔

شیہاک بلوچ کا کہنا تھا کہ سیکریٹری داخلہ اس وقت ایرانی حکام کے ساتھ مشترکہ سرحدی کمیشن میں شرکت کررہے ہیں اس لیے وہ دستیاب نہیں ہوں گے۔

بنچ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گزین مری کی رہائی کا حکم دے دیا۔

مزید پڑھیں:بلوچستان: گزین مری کو جیل بھیج دیا گیا

یاد رہے کہ گزین مری کو گزشتہ ماہ خود ساختہ طویل جلاوطنی کے بعد وطن واپسی پرسابق جج نواز مری کے قتل کے الزام پر گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد مقامی عدالت کے حکم پر 5 روزہ ریمانڈ میں لیویز کے حوالے کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج راشد محمود نے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں:جسٹس نواز مری قتل کیس: گزین مری کی عبوری ضمانت منظور

تاہم کوئٹہ کی مقامی انتظامیہ نے نواب زادہ گزین مری کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ گزین مری کو تھری ایم پی او کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024