• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دبئی ٹیسٹ:سری لنکا کی ٹیم 482 رنز بنا کر آؤٹ

شائع October 7, 2017 اپ ڈیٹ October 9, 2017
کرونارتنے نے اپنے کیریر کی ساتویں ٹیسٹ سنچری بنائی—فوٹو:اے ایف پی
کرونارتنے نے اپنے کیریر کی ساتویں ٹیسٹ سنچری بنائی—فوٹو:اے ایف پی

سری لنکا نے اوپنر کرونارتنے کی 194 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 482 رنز بنا لیے، یاسر شاہ نے 6 وکٹیں حاصل کرلیں۔

دبئی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے سری لنکا کی پوری ٹیم کو 482 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دوسرے روز کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 51 رنز بنا لیے۔

سمیع اسلم 30 اور شان مسعود 15 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان کو سری لنکا کے پہلی اننگز کے اسکور کو برابر کرنے کے لیے مزید 431 رنز درکار ہیں۔

قبل ازیں دوسرے روز جب سری لنکا نے کھیل کا آغاز کیا تو اس کا اسکور 3 وکٹوں پر 254 رنز تھا۔

یاسر عرفات نے دنیش چندی مل کو آوٹ کرکے پاکستان کو دوسرے روز پہلی کامیابی دلائی، وہ 62 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد کرونارتنے نے نیروشان ڈیکویلا کے ساتھ اننگز آگے بڑھائی۔

پاکستانی ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب فاسٹ باؤلر محمد عامر انجری کے باعث کھیل کو جاری نہ رکھ سکے اور میدان سے باہر چلے گئے اور ان کی جگہ عثمان صلاح الدین فیلڈنگ کے لیے میدان میں آئے۔

محمد عامر کو پنڈلی میں شکایت کے باعث ایم آر آئی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب فاسٹ باؤلر وہاب ریاض ایک اوور میں مسلسل چار مرتبہ اپنا رن اپ بھول گئے جس پر ہیڈ کوچ نے ناراضی کا اظہار بھی کیا۔

اوپنر کرونارتنے شاندار بلے بازی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے چائے کے وقفے تک 170 رنز بنائے جبکہ نیروشان ڈیکویلا نے 47 رنز بنائے تھے تاہم چائے کے وقفے کے بعد ڈیکویلا 52 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے۔

سری لنکا کی چھٹی وکٹ اس وقت گری جب وہاب ریاض نے 196 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے کرونارتنے کی وکٹیں اڑادیں اور انھیں 4 رنز کے فرق سے ڈبل سنچری سےمحروم کردیا اس وقت سری لنکا کا اسکور 429 رنز تھا۔

پریرا نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کی اننگز کو آگے بڑھایا اور 58 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سرنگا لکمل بھی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو مہمان ٹیم کا اسکور 469 رنز تھا۔

یاسر شاہ نے ذمہ داری لیتے ہوئے سری لنکا کے آخری بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا اور اپنے کیریئر میں ایک مرتبہ پھر 6 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز پایا۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 482 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 6، محمد عباس نے 2، وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ دبئی میں کھیلے جارہے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد اوپنرز نے سری لنکن ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کرتے ہوئے 63 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی اسکور پر یاسر شاہ نے کپتان سرفراز کی مدد سے اس خطرناک ہوتی شراکت کا خاتمہ کردیا۔

نئے بلے باز سدیرا سماراوکراما نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 35 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستانی ٹیم کو دباؤ میں لے لیا لیکن اس موقع پر محمد عامر نے اپنی ہی گیند پر عمدہ کیچ لے کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا تھا۔

سری لنکا کو اگلے ہی اوور میں اس وقت دھچکا لگا جب یاسر شاہ نے کشال مینڈس کو آؤٹ کر کے پاکستان کو تیسری کامیابی دلا دی۔

136 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان دنیش چندیمل کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انھوں نے کرونارتنے کے ساتھ مل کر بتدریج اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور اسکور کو 254 رنز تک پہنچادیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024