‘حکومت نے صرف باتیں نہیں کیں کام کر کے دکھائے‘
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں ملک میں ریکارڈ کام کروائے اور پاکستان کی معیشت کو بہتر کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔
نوشہرو فیروز کے علاقے نیو جتوئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ نے ملک میں بلا امتیاز ترقیاتی کام کیے جن کا فائدہ مستقبل میں تمام پاکستانیوں کو حاصل ہوگا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی جماعت کے سربراہ میاں نواز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے ملک میں ترقیاتی کام کرکے دکھائے ہیں‘۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے غلام مصطفیٰ جتوئی کی سیاسی بصیرت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’غلام مصطفیٰ جتوئی پارلیمنٹ میں جس طرح اپنا کردار ادا کرتے تھے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی‘۔
مزید پڑھیں: امریکا کا پہلا دورہ: وزیر اعظم سے پوچھے گئے 6 مشکل سوالات
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا جارہا ہے، جس سے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے جبکہ پاکستان کو آئندہ 50 سال تک اس منصوبے کے ثمرات ملتے رہیں گے۔
پاکستان میں روزگار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں نوکریاں تب پیدا ہوتی ہیں جب ملک میں ترقی ہوتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو ملک میں ترقی کی شرح 3 فیصد تھی، جو اب بڑھ کر 6 فیصد ہوگئی ہے تاہم حکومت کا یہی بنیادی اصول ہے کہ سرکاری نوکریاں انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے حق دار اور نوکری کے اہل شخص کو حاصل ہوں۔
پاکستان میں بجلی کے بحران کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں بجلی کے مسائل تھے جو آج بھی ہیں لیکن بنیادی مسئلہ یہ تھا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی موجود ہی نہیں تھی تاہم مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے 10 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے ملک میں شروع کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ کی بدحالی دیکھنے کے لیے آنکھوں کی بھی ضرورت نہیں
وزیراعظم نے ملک میں جاری دہشت گردی کے حوالے سے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کیا جس سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔
پاک فوج کی جواں مردی کی داد دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ افغانستان میں پوری دنیا مل کر دہشت گردی کا مقاملہ نہیں کرسکی لیکن پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے اس دہشت گردی کا نہ صرف مقابلہ کیا بلکہ اس کو شکست بھی دی۔
ملک میں سیاسی استحکام کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ہی ملک کی ترقی کی علامت ہے تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میثاق جمہوریت پر ن لیگ کے ساتھ چلے گی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا کراچی کیلئے 25 ارب روپے کے پیکج کا اعلان
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قائد بینظیر بھٹو اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے میثاقِ جمہوریت پر دستخط ہی اس لیے کیے تھے تاکہ ملک سے سیاسی انتقام کی سیاست کو ختم کیا جائے، عوام کے نمائندوں کو ان کا حق دیا جائے گا اور ان کے مینڈیٹ کو قبول کیا جائے لیکن بد قسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے غلام مرتضٰی جتوئی، ظفر علی شاہ اور سابق وزیراعلیٰ سندھ غلام ارباب رحیم کی سیاسی بصیرت کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم نے نوشہرو فیروز کے لیے بجلی اور گیس کے منصوبوں کے لیے ڈیڑھ ارب روپے، علاقے میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے ایک ارب روپے کا اعلان کیا، ساتھ ہی انہوں نے نوشہرو فیروز میں ہیلتھ کارڈ اسکیم اور فوڈ پروسیسنگ پلانٹ کی بنیاد رکھنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی آمد کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات سخت کیے گئے تھے جبکہ علاقے میں سندھ اور بلوچستان کی سرحد کو بند کرکے گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی گئی۔