• KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am
  • KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am

پی ٹی آئی نے نیب چیف کے عہدے کیلئے 3 نام تجویز کردیئے

شائع October 6, 2017

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی احتساب بیورو (نیب) چیف کے عہدے کے لیے 3 نام تجویز کردیئے جبکہ اس سے قبل پارٹی نے اس معاملے سے خود کو دور رکھا ہوا تھا۔

تاہم پی ٹی آئی نے یہ تینوں نام قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے ذریعے حکومت تک پہنچانے کے بجائے خود میڈیا کے ذریعے ان کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے تجویز کیے جانے والے افراد میں سابق انسپکٹر جنرل سندھ پولیس شعیب سڈل، سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس فلک شیر اور خیبرپختونخوا کے سابق چیف سیکریٹری ارباب شہزاد کے نام شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: 'اگر چیئرمین نیب آگاہ کردیتے تو جے آئی ٹی نہ بنتی'

خیال رہے کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہوئی ہیں، اور یہ ملاقاتیں نئے نیب چیئرمین کی تقرری کو حتمی شکل دینے سے متعلق تھیں، یہ عہدہ موجودہ نیب چیئرمین قمر زمان چوہدری کے 10 اکتوبر کو ریٹائر ہوجانے کے باعث خالی ہوجائے گا۔

علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے دعویٰ کیا کہ نیب چیئرمین کے عہدے کے لیے انہوں نے خورشید شاہ کو 3 نام تجویز کیے تھے تاہم انہوں نے مبینہ طور پر ایک نام بھی اپنے فہرست میں شامل نہیں کیا۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق کا کہنا تھا کہ جسٹس محمود رضوی کے علاوہ ان کی پارٹی نے ریٹائر جسٹس محمد غوث اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد کو نامزد کیا تھا۔

واضح رہے کہ حکومت نیب چیئرمین کے لیے پہلے ہی 3 نام تجویز کرچکی ہے جس میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے چیف آفتاب سلطان، ریٹائر جسٹس رحمٰن حسین جعفری اور سابق جسٹس اعجاز چوہدری شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قمر زمان چوہدری نیب چیئرمین کے عہدے پر بحال

ان کے علاوہ جماعت اسلامی کی جانب سے ای سی پی کے سابق سیکریٹری اشتیاق احمد خان کا نام تجویز کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے 3 مجوزہ ناموں کے ساتھ نیب چیئرمین کے عہدے کے لیے اب تک مجموعی طور پر 12 نام سامنے آئے ہیں۔

یاد رہے کہ نیب چیئرمین کی تعیناتی ایسے وقت میں ہوگی جب پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کی ہدایات کی روشنی میں احتساب عدالت شریف خاندان کے خلاف کرپشن کیس کی سماعت کررہی ہے۔


یہ رپورٹ 6 اکتوبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024