نازیبا رویے پر سری لنکن کرکٹر گناتھیلاکا چھ میچوں کیلئے معطل
کولمبو۔ 05 اکتوبر (اے پی پی) سری لنکا کرکٹ نے حال ہی میں بھارت کے خلاف کھیلی گئی انٹرنیشنل سیریز کے دوران نازیبا رویہ اختیار کرنے پر آل راؤنڈر دھانشکا گناتھیلاکا کو 6 ون ڈے میچز کیلئے معطل کر دیا۔
بھارت کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے بعد سری لنکن ٹیم منیجر آسانکا گروسنگھے کی شکایت پر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے 26 سالہ آل راؤنڈر کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
سری لنکا کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق گونا تھلیکا نے بورڈ کے آئین اور معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے اور انضباطی کارروائی کے تحت گناتھیلاکا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹھہرے ہیں اس لیے انہیں چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کیلئے معطل کر دیا گیا ہے۔
پابندی کے بعد ساتھ ساتھ ان پر سالانہ کنٹریکٹ میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے اور اسی وجہ سے انہیں پاکستان کے خلاف شیڈول ون ڈے سیریز کیلئے اعلان کردہ اسکواڈ سے بھی ڈراپ کر دیا گیا۔ ۔
واضح رہے کہ گناتھیلاکا نے 28 ون ڈے میچز میں ایک سنچری اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے 886 رنز بنا رکھے ہیں۔