کیا آپ بھی شیمپو کے وقت یہ غلطیاں کرتے ہیں؟
شیمپو سے بال دھونا ویسے تو بڑا آسان کام نظر آتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ایسا کرتے ہوئے لاشعوری طور پر ایسی غلطیاں کی جاسکتی ہیں، جن کا ہمیں علم بھی نہیں ہوتا۔
لوگ عام طور پر اپنے بالوں میں بس جلدی سے شیمپو لگاکر انہیں دھو لیتے ہیں، لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ ایسا کرنے سےبالوں کو نقصان تو نہیں پہنچ رہا یا پھر اس شیمپو سے بال دھونے کا فائدہ ہو بھی رہا ہے یا نہیں؟
مزید پڑھیں: شیمپو کے 13 حیرت انگیز کمالات
بہت سے افراد یہ شکایت بھی کرتے ہیں کہ وہ روزانہ یا ایک دن چھوڑ کر اپنے بالوں کو شیمپو سے دھوتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے بال روکھے پھیکے نظر آتے ہیں اور ان میں چمک باقی نہیں رہتی۔
یہاں شیمپو کے دوران کی جانے والی چند چھوٹی چھوٹی غلطیاں بتائی جارہی ہیں، جن کا بہت زیادہ اثر پڑتا ہے۔
1- ہوسکتا ہے آپ غلط شیمپو کا استعمال کررہے ہوں؟
جس طرح لوگوں کا چہرہ، ان کی جلد وغیرہ ایک دوسرے سے الگ ہوتی ہے، اسی طرح ہر کسی کے بال بھی الگ انداز کے ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بالوں کا خیال سب کو اپنے انداز سے رکھنا پڑتا ہے، اس سلسلے میں جو سب سے بڑی غلطی کی جاتی ہے وہ غلط شیمپو کا استعمال ہے، یہ ضروری نہیں کہ ایک شیمپو گھر کے کسی فرد کے لیے ٹھیک ہو تو وہ دوسرے کے بالوں کو بھی خوبصورت بنائے، اس لیے کوشش کریں کہ ایسے شیمپو کا انتخاب کریں جو آپ کو بہتر نتائج دے اور سر کی جلد کو نرم رکھے۔
2- آپ بالوں کی جڑوں پر دھیان نہیں دے رہے
شیمپو کرنے کا ایک اہم مقصد سر کی جلد کی صفائی بھی ہے، کیوں کہ دھول مٹی سے یہ گندی ہوجاتی ہے، لیکن اگر آپ یہ کام ٹھیک سے نہیں کررہے تو آپ شیمپو کا غلط استعمال کررہے ہیں، شیمپو سے سر کو صاف کرنا سیکھیں اور بعد میں بالوں کو پوری طرح سے صاف کریں۔
3- زیادہ گرم پانی کا استعمال
گرم پانی سے نہانا اچھا لگتا ہے خاص طور پر سردیوں میں گرم پانی سے نہانا کسی نعمت سے کم نہیں، لیکن کبھی کبھی اس سے فائدہ ہونے کے بجائے نقصان ہوجاتا ہے، زیادہ گرم پانی بالوں کو خشک کردیتا ہے جس سے یہ روکھے نظر آنے لگتے ہیں، لہذا اگلی مرتبہ اپنے بال دھونے کے لیے سادہ پانی کا استعمال کریں اور آخر میں بالوں پر ٹھنڈا پانی ڈالیں تاکہ بالوں کی اوپری سطح ٹھیک رہے۔
4- بال مکمل طور پر گیلے نہ کرنا
بہت بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ جب آپ جلدی میں ہوں اور بالوں کو اچھی طرح دھوئیں بغیر ان پر شیمپو لگالیں، ایسے میں شیمپو بالوں میں ٹھیک سے کام نہیں کر پاتا کیوں کہ سر کی جلد اُس وقت بھی خشک ہوتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ شیمپو لگانے سے قبل اپنے سر کو اچھی طرح دھولیں۔
5- شیمپو لگانے کے بعد بالوں کو ٹھیک سے نہ دھونا
اگر آپ کے بال روکھے ہیں اور سر میں کھجلی ہورہی ہے تو اس کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ آپ نے بالوں پر شیمپو کے ذرات اب بھی موجود ہیں یا صحیح طرح دھویا نہیں، جب شیمپو کے بعد سر کو ٹھیک سے دھویا نہیں جاتا تو سر سے تیل خارج ہونے لگتا ہے اور کھجلی کھجلی شروع ہوجاتی ہے، اس لیے شیمپو لگانے کے بعد اسے ٹھیک سے دھونا اور جڑوں تک صاف کرنا بےحد ضروری ہے۔