• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق

شائع October 4, 2017 اپ ڈیٹ October 5, 2017

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مقام پر پاکستانی علاقے میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 پاکستان شہری جاں بحق ہوگئے جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے راولا کوٹ اور چری کوٹ سیکٹر پر پاکستانی علاقے میں بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ پاک فوج کی مؤثر اور جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 بھارتی فوجیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

پاک فوج کا کہنا تھا کہ جوانوں کی جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ بھارتی فورسز کی چیک پوسٹوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فورسز کی شیلنگ، ایک بزرگ شہری جاں بحق

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ایل او سی کے دونوں اطراف سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

ایل او سی پر فائرنگ سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات بتاتے ہوئے آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے مقامی آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیا گیا ایک مارٹر گولہ سخی کیانی نامی شخص کے مکان پر آگرا۔

اسسٹنٹ کمشنر قیصر اورنگزیب نے ڈان کو بتایا کہ 'بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کا آغاز صبح 6 بجے ہوا جو 9 بجے تک جاری رہا'۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شیلنگ کی زد میں آکر حاجی سخی محمد کیانی کے دو بچے 22 سالہ ذکیہ اور 20 سالہ کاشف موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا مکان تباہ ہوگیا۔

اس کے علاوہ بھارتی فورسز کی شیلنگ سے 60 سالہ نازیہ بیگم اور 35 سالہ کوثر زخمی ہوگئیں جنہیں علاج کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر عباس پور منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے فوجی اہلکار سمیت 3 جاں بحق

آزاد کشمیر کے اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر سعید قریشی نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے باعث رواں سال جنوری سے اب تک 36 پاکستانی شہری جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک 43 مکانات اور دو تعلیمی اداروں کو جزوی جبکہ 3 کو مکمل نقصان پہنچا۔

2 اکتوبر کو ایل او سی پر آزاد جموں و کشمیر کے ضلع حویلی کے دیہی علاقوں میں بھی بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک بزرگ پاکستانی شہری جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024