بھارتی ریئلٹی شو’بگ باس 11‘ کا آغاز
معروف بھارتی ریئلٹی اور متنازع شو ’بگ باس 11‘ کا یکم اکتوبر سے آغاز ہوگیا۔
سلمان خان کی میزبانی میں شروع ہونے والے ریئلٹی شو کا پریمیئر یکم اکتوبر کو بھارتی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوا۔
تنازعوں سے بھرپور اس شو کا دورانیہ قربیا ڈھائی گھنٹے ہوگا، اور اسے بھارتی ٹی وی چینل ’کلرز‘ پر نشر کیا جائے گا۔
آئندہ 90 روزت تک جاری رہنے والے شو کی تھیم ’گھروالے اور پڑوسی‘ رکھی گئی ہے۔
بگ باس 11 میں اس بار 11 لوگ ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ’بگ باس 11‘ کے لیے سلمان خان کا معاوضہ کیا؟
شو کے پریمیئر یعنی پہلے ہی دن اس میں سلمان خان کی 1997 میں آنے والی فلم ’جڑواں‘ کے سیکوئل ’جڑواں 2‘ کی کاسٹ نے شرکت کی۔
جڑواں 2 میں سلمان خان کی جگہ ورون دھون نے لی ہے، جب کہ کرشمہ کپور ار بھمیکا کی جگہ جیکولین فرنانڈس اور تپسی پنو کو کاسٹ کیا گیا ہے۔
اس بار’دھنیش شرما، حنا خان، بندگی کلرا، ارشی خان، جوتی کماری، آکاش انیل دادلانی، ڈینفشا سون والا، پریانک شرما، شیوانی درگا، شلپا شندھے، سپنا چوہدری، لو تیاگی، سبھایاسچی ستپاتھی، مہجبیں صدیقی، لوسنڈا نکولاس اور ہتن تیجوانی بگ باس 11 کا حصہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں: سلمان خان اور بگ باس کا ساتھ
خیال رہے کہ اس شو میں شرکت کرنے والے تقریبا تمام کردار کسی نہ کسی طرح متنازع رہ چکے ہوتے ہیں، اس بار شو میں ایسے اداکار بھی شامل ہو رہے ہیں، جو پہلے بھی اس شو کا حصہ بن چکے تھے۔
اس بار اس شو میں پنکی پڑوسن کے نام سے ایک نیا کردار متعارف کرایا گیا ہے، جسے اداکار گوروو گیرا ادا کریں گے۔
بگ باس 11 کا گھر 19 ہزار اسکوائر فٹ سے بڑا ہے، جس میں مختلف سیٹ بنائیں گئے ہیں، جب کہ اس گھر میں 90 سے زائد خفیہ کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
آئندہ 90 روز تک نشر ہونے والے اس شو میں سلمان خان ہفتے میں 2 بار نظر آئیں گے، جب کہ شو کو روزانہ نشر کیا جائے گا۔