فیس بک اکاﺅنٹ اب چہرے سے ان لاک ہوں گے
فیس بک نے ایپل کے فیس آئی ڈی کا اپنا ورژن تیار کرلیا ہے اور اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اکاﺅنٹ چہرے سے لاک یا ان لاک کیا جاسکے گا۔
فیس بک نے چہرے کے ذریعے صارف کی شناخت کے نئے فیچر کو آزمانا شروع کردیا ہے۔
یہ فیچر اس وقت انتہائی کارآمد ثابت ہوگا جب کسی صارف کو ٹو فیکٹر آتھنٹیکشن ایس ایم ایس تک رسائی حاصل نہ ہو، جیسے موبائل سروس بند ہونا یا طیارے میں سفر یا بیرون ملک جانا وغیرہ۔
مزید پڑھیں : فیس بک کے سامنے آپ کا کوئی راز چھپا نہیں
فیس بک نے بھی اس فیچر کی تصدیق کی ہے۔
ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش کررہے ہیں تاکہ وہ اپنے اکاﺅنٹ ریکوری کے دوران اپنی ملکیت کو فوری طور پر ثابت کرسکیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ یہ فیچر صرف ان ڈیوائسز پر استعمال ہوسکے گا جو صارف لاگ ان کے لیے استعمال کرچکے ہوں گے، یہ اکاﺅنٹ کو ایس ایم ایس کے ذریعے اوپن کرنے سے ہٹ کر اسے محفوظ بنانے کی جانب ایک اور قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیس بک پر ایسی پوسٹس کرنا ہوسکتا ہے نقصان دہ
فیس بک کے مطابق اگر یہ فیچر صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا تو اسے جلد زیادہ صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
گزرے برسوں کے دوران فیس بک نے اس طرح کے کئی اقدامات کیے ہیں جس کا مقصد لاک اکاﺅنٹ کو اپن کرنا ہے۔
اس سے قبل فیس بک کو فوٹو ٹیگ سجیشن کے حوالے سے چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی پر کافی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا جو کہ پرائیویسی کے لیے بھی خطرہ قرار پایا تھا۔
اب یہ نیا فیچر کس حد تک فائدہ مند یا مفید ہوگا یہ تو سامنے آنے کے بعد ہی صحیح طور پر علم ہوسکے گا۔