• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ابو ظہبی ٹیسٹ: اسپنرز نے بے جان میچ میں جان ڈال دی

شائع October 1, 2017 اپ ڈیٹ October 4, 2017
دنیش چندیمل کو آؤٹ کرنے پر پاکستانی کھلاڑی یاسر شاہ کو داد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
دنیش چندیمل کو آؤٹ کرنے پر پاکستانی کھلاڑی یاسر شاہ کو داد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

اسپنرز کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو دوسری اننگز میـں چار وکٹوں سے محروم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرا کی جانب گامزن میچ کے نتیجہ خیز ہونے کا امکان پیدا کردیا ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے 266 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کچھ دیر بعد ہی سری لنکا کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب اظہر علی 85 رنز بنانے کے بعد رنگنا ہیراتھ کی وکٹ بن گئے۔

اس موقع پر پاکستانی ٹیم مشلات سے دوچار ہوئی اور کپتان سرفراز احمد سمیت مزید تین کھلاڑی کھانے کے وقفے سے قبل ہی پویلین لوٹ گئے اور جب کھانے کا وقفہ ہوا تو قومی ٹیم 340 رنز پر آٹھ کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس موقع پر اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے حارث سہیل نے مشکلات سے دوچار قومی ٹیم کو بہتر پوزیشن تک پہنچانے کا بیڑا اٹھایا اور حسن علی کے ساتھ نویں وکٹ کیلئے قیمتی 50 رنز کی شراکت قائم کی، حسن نے دو چھکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ پر موجود حارث سہیل نے عمدہ کھیلا کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ سری لنکن ٹیم کی برتری کا بھی خاتمہ کردیا اور دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیلنے والے بلے باز آؤٹ ہونے والے آخری پاکستانی بلے باز بنے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 422 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان نے پہلی اننگز میں تین رنز کی معمولی برتری حاصل کی۔

دوسری اننگز میں سری لنکن بلے بازوں نے پاکستانی فاسٹ باؤلرز کا بہت آسانی سے سامنا کیا جس کو دیکھتے ہوئے سرفراز احمد اسپنرز کو باؤلنگ کیلئے لے کر آئے اور انہوں نے پہلے ہی اوور میں کرونارتنے کو آؤٹ کر کے اپنا انتخاب درست ثابت کردیا۔

حسن علی کو اپنے پانچویں ہی اوور میں کمر میں تکلیف کے سبب اوورز ادھورا چھوڑ کر جانا پڑا جس پر اسد شفیق کو اوور مکمل کرنے کا موقع دیا گیا جنہوں نے لہیرو تھری مانے کو پویلین لوٹا کر سب کو حیران کردیا۔

ابھی ٹیم کی نصف سنچری مکمل ہوئی ہی تھی کہ حارث سہیل نے مینڈس کو آؤٹ کر کے پاکستان کو تیسری کامیابی دلا دی۔

دن کے اختتام سے چند اوور قبل پاکستان کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب گزشتہ اننگز میں 155 رنز بنانے والے سری لنکن کپتان دنیش چندیمل سات رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کو وکٹ دے بیٹھے۔

جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے چار وکٹ کے نقصان پر 69 رنز بنائے تھے اور اسے مجموعی طور پر 66 رنز کی برتری حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024