پروفیشنل باکسنگ: محمد وسیم نے کیریئر کی مسلسل آٹھویں فائٹ جیت لی
چیمپیئن باکسر محمد وسیم نے ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) کی سلور فلائی ویٹ کیٹیگری میں پاناما کے باکسر کارلوس میلو کو رینکنگ فائٹ میں شکست دے دی۔
فیلکن خان کے نام سے مشہور پاکستانی باکسر محمد وسیم نے اس فتح کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔
پاناما کے دارالحکومت پاناما سٹی میں ہونیوالی اس فائٹ میں محمد وسیم نے اپنے حریف باکسر کارلوس میلو پر مقابلے کے آغاز سے ہی تابڑ توڑ حملے شروع کیے اور انہیں پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا۔
فیلکن خان کی یہ باکسنگ رنگ میں مسلسل آٹھویں کامیابی ہے اور انہوں نے عالمی نمبر ایک پوزیشن برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سلور فلائی ویٹ ٹائٹل بھی برقرار رکھا۔
ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نوجوان باکسر کا کہنا تھا کہ وہ اس کامیابی پر بے حد خوش محسوس کر رہے ہیں۔
محمد وسیم نے فائٹ میں کامیابی حاصل کرنے پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی جیت کے لیے دعائیں کرنے والے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مزید پڑھیں: پروفیشنل باکسنگ: محمد وسیم کی مسلسل ساتویں کامیابی
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اچھی اور بہتر ٹریننگ کے باعث میرے کھیل میں مزید بہتری آئی ہے اور اپنی آئندہ فائٹ کے لیے بلند حوصلوں کے ساتھ تیاری کروں گا۔
اپنی آئندہ فائٹ کے بارے میں محمد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ جنوری 2018 میں ورلڈ ٹائٹل کے فائٹ کریں گے اور وہ اس میں کامیابی حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے پُر امید ہیں۔
یاد رہے کہ محمد وسیم نے رواں برس جولائی میں ڈبلیو بی سی کی سلور فالئی ویٹ کیٹیگری میں پاناما کے ہی باکسر ایوان ٹریجوس کو تیسرے راونڈ میں ناک آوٹ کر کے عالمی درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی تھی۔
واضح رہے کہ رواں برس جون میں ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ میں محمد وسیم کو فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک باکسر بنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا جسے انہوں نے اپنے اور ملک کے لیے باعث فخر قرار دیا تھا۔
گذشتہ برس ’فیلکن خان‘ کے نام سے مشہور محمد وسیم، اسپانسر شپ کے مسائل کے سبب باکسنگ رنگ سے دور رہے تھے تاہم ان کے پروموٹر کا کہنا تھا کہ وسیم کی نظریں گولڈ فلائی ویٹ ورلڈ چیمپیئن بننے پر مرکوز ہیں اور وہ موجودہ عالمی چیمیپئن جاپان کے ڈیگو ہیگا کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔