پاکستان کی سری لنکا کے خلاف محتاط بلے بازی
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 419 رنز کے جواب میں تیسرے روز محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 266 رنز بنائے۔
ابوظہبی میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کے دونوں اوپنر 64 کےمجموعے پر وکٹ پر موجود تھے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 114 رنز پر سمیع اسلم کی صورت گری جب وہ 51 رنز بنا کر پریرا کی وکٹ بنے جس کے بعد شان مسعود بھی آؤٹ ہوئے۔
شان مسعود کو رنگنا ہیراتھ نے 59رنز بنانے کے بعد آؤٹ کیا تاہم تجربہ کار بلے باز اظہرعلی نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر بلے بازوں کے ساتھ مختصر شراکت قائم کی اور اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 5 ہزار رنز بھی مکمل کیے۔
مزید پڑھیں:اظہرعلی ٹیسٹ میں 5 ہزار رنز بنانے والے آٹھویں پاکستانی
اسد شفیق اور اظہرعلی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں پاکستان کے اسکور کو 195 رنز تک پہنچایا تاہم ہیراتھ نے 39 رنز پر کھیلنے والے اسد شفیق کو پویلین بھیج دیا۔
پاکستان کی چوتھی اور آخری وکٹ اختتامی لمحات میں 266 رنز پر گری جب بابراعظم 28 رنز بنا کر پرادیپ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد تیسرے روز کے کھیل کو ختم کردیا گیا۔
اظہر علی دن کے اختتام پر 74 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔
پاکستان کو سری لنکا کے پہلی اننگز کے 419 رنز کو برابر کرنے کے لیے مزید 153 رنز درکار ہیں۔
یاد رہے کہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 419 رنز بنائے تھے۔