• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ابوظہبی ٹیسٹ: سری لنکا کے 419 رنز، پاکستانی کی محتاط بیٹنگ جاری

شائع September 29, 2017 اپ ڈیٹ October 4, 2017
سری لنکن کپتان دنیش چندیمل کا سنچری کی تکمیل کے بعد ایک انداز— فوٹو: اے پی
سری لنکن کپتان دنیش چندیمل کا سنچری کی تکمیل کے بعد ایک انداز— فوٹو: اے پی

پاکستان نے اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کے 419 رنز کے جواب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز اسکور کر لیے۔

ابو ظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرز شان مسعود اور سمیع اسلم نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور دونوں نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی نصف سینچریاں اسکور کرتے ہوئے 100 رنز کی شراکت قائم کی۔

سمیع اسلم 112 رنز کے مجموعی اسکور پر 51 رنز بنانے کے بعد کوسل پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار پائے جبکہ شان مسعود 59 رنز بنا کر 116 رنز کے مجموعی اسکور پر رنگانا ہیراتھ کے شکار بنے۔

اس سے قبل میچ کے دوسرے روز سری لنکا نے 227 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل انگز کا دوبارہ آغاز کیا تو دنیش چندی مل اور نروشن ڈکویلا وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پانویں وکٹ کیلئے 134 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا، پاکستان کو پانچویں کامیابی اس وقت ملی جب حسن علی نے 83 رنز بنانے والے ڈکویلا کی وکٹیں بکھیر دیں۔

دوسرے اینڈ سےچندیمل نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور دلرووان پریرا کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 92 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، پریرا 33رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

جب دوسرے دن چائے کا وقفہ ہوا تو سری لنکن ٹیم نے سات وکٹ کے نقصان پر 403 رنز بنائے تھے اور وکٹ پر چندیمل کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ سری لنکن ٹیم 450 سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

لیکن چائے کے وقفے کے بعد محمد عباس نے عمدہ اسپیل کرتے ہوئے تینوں اختتامی بلے بازوں کو آؤٹ کر کے سری لنکن ٹیم کی بساط 419 رنز پر لپیٹ دی، چندیمل 14 چوکوں کی مدد سے 155 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور عباس نے تین تین جبکہ حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

دن کے آخری سیشن میں سمیع اسلم اور شان مسعود نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور تمام سری لنکن باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 64 رنز بنائے تھے، سمیع اسلم 31 اور شان مسعود 30 رنز پر کھیل رہے ہیں جبکہ پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 355 رنز درکار ہیں۔

قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، سمیع اسلم، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد عامر، یاسر شاہ، محمد عباس اور حسن علی شامل ہیں۔

سری لنکن ٹیم کی قیادت دنیش چندی مل کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوشل مینڈس، ڈیمتھ کرونارتنے، کوسل پریرا، لہیرو تھریمننا، نروشان ڈک ویلا، دل روان پریرا، رنگانا ہیراتھ، سرنگا لکمل، لکشن سندکن اور نوان پردیپ شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024