’مشرف کے حالیہ بیانات میڈیا میں زندہ رہنے کی کوشش‘
سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے وقت پرویز مشرف ملک کے سربراہ تھے جو تمام سازشوں میں شامل رہے جبکہ ان کے حالیہ بیانات میڈیا میں زندہ رہنے کا حصہ ہیں۔
ڈان نیوز کو خصوصی انٹرویو کے دوران آغا سراج درانی نے کہا کہ ’پرویز مشرف ایک جھوٹے شخص اور بھگوڑے ہیں، انہیں وطن واپس آکر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے، بے نظیر کے قتل کے وقت پرویز مشرف ملک کے سربراہ تھے جو تمام سازشوں میں شامل رہے، پرویز مشرف کی حکومت سے بےنظیر بھٹو کے قافلے کے لیے مطلوبہ سیکیورٹی نہیں ملی، جبکہ ان کے حالیہ بیانات میڈیا میں زندہ رہنے کا حصہ ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ دیکھی جائے تو ہم نے بھی کیسز کا سامنا کیا ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ زیادتی ہوئی، بےنظیر بھٹو کے خلاف مقدمات چلائے گئے، آصف زرداری نے 12 سال جیل کاٹی اور مقدمے سے باعزت بری ہوئے، نواز شریف کو بھی مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے اور عدالتی فیصلے کو تسلیم کرنا چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کے نااہل ہونے سے پنجاب میں پیپلز پارٹی کو فائدہ ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مستقل طور پر پنجاب کے دورے اور عوام سے رابطے کر رہے ہیں اور پیپلز پارٹی کی پنجاب میں پرانی روایت کو لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔‘
نواز شریف کی جانب سے عدالتی فیصلے کو سازش قرار دینے سے متعلق اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ ’نواز شریف کو اپنے خلاف فیصلہ آنے کے بعد اس بات کا ادراک ہوا ہے کہ ان کے خلاف سازش ہوئی، لیکن جب انہوں نے ہمارے خلاف سازشیں کیں، ہمیں پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی اور جس طرح آصف زرداری نے جمہوریت کی خاطر ان کا ساتھ دیا، وہ ان باتوں کو بھول گئے ہیں۔‘
مریم نواز کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’سیاستدان بننا بہت بڑی بات ہے لیکن مریم نواز کا بےنظیر بھٹو سے موازنہ کرنا درست نہیں، جبکہ گھر بیٹھ کر یا وزیر اعظم کا نام استعمال کرکے کوئی سیاستدان نہیں بن سکتا۔‘
این اے 120 ضمنی انتخاب کے نتائج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’اس حلقے سے نواز شریف 30 سال سے انتخاب لڑ رہے ہیں اور انہوں نے خاص طور پر اس حلقے میں بہت کام کیا ہے اس لیے انہیں وہاں زیادہ ووٹ ملنا قدرتی بات ہے۔‘
آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی جمہوری جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے اور اس کی بقا کے لیے ہم چاہتے ہیں کہ لیگی حکومت اپنے 5 سال مکمل کرے اور ہم الیکشن میں جائیں۔‘