• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

ایل او سی پر بھارتی فائرنگ، ایک پاکستانی جاں بحق

شائع September 27, 2017

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے مقام لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر ولید انور نے بتایا کہ واقعات ضلع کوٹلی کے نکیال سیکٹر میں واقع مختلف دیہاتوں میں پیش آئے جہاں لوگ اپنے روز مرہ کے کاموں میں مصروف تھے۔

انہوں نے ڈان کو بتایا کہ بھارتی فورسز کی ’شیلنگ صبح 7 بجکر 15 منٹ پر شروع ہوئی‘، جس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:ایل اوسی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 5 سالہ بچی جاں بحق

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیا جانے والا ایک شیل بالاکوٹ گاؤں کے ایک مکان پر آگرا جس کی وجہ سے 25 سالہ ملک محمد رزاق ولد عبدالخالق موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں مقتول کی بہن 35 سالہ ارم بی بی کوئی تیز دھار چیز لگنے سے زخمی ہوگئیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ اسی طرح سیکٹر کے دیگر 3 دیہاتوں میں بھارتی فورسز کی شیلنگ سے 45 سالہ غلام فاطمہ زوجہ محمد فاروق، 45 سالہ کلثوم بی بی زوجہ محمود احمد، 40 سالہ کلثوم زوجہ محمد عزیز، 35 سالہ نسرین اختر اور 13 سالہ احسن کریم ولد عبدالکریم زخمی ہوگیا۔

تمام زخمیوں کو علاج کے لیے نکیال سیکٹر کی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بعدازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بھی فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کردی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فورسز نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

دفتر خارجہ کا احتجاج

لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی پر پاکستان کی طرف سے بھرپور احتجاج کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق قائمقام ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) جنوبی ایشیا اور سارک نے قائمقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ رواں سال اب تک بھارت کی جانب سے 873 بار ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔

بھارتی فورسز کی اس اشتعال انگیزی کے باعث 40 افراد جاں بحق اور 148 زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ 23 ستمبر کو اسی سیکٹر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک 22 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ اس کی چھوٹی بہن اور دیگر دو افراد زخمی ہوگئے تھے، جس میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں عباس پور سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 5 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی تھیں جس کے بعد علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔

مزید پڑھیں:بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیریوں کی شہادت پر احتجاج

گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں نیزا پور سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

رواں سال آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 30 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ اس دوران 176 افراد زخمی بھی ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024