• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

دنیا کا پہلا ڈینٹسٹ روبوٹ

شائع September 26, 2017
روبوٹ نے کامیابی سے دانتوں کی سرجری کی—اسکرین شاٹ
روبوٹ نے کامیابی سے دانتوں کی سرجری کی—اسکرین شاٹ

ویسے تو روبوٹ ٹیکنالوجی اب پرانی ہوچکی ہے، تاہم گزشتہ چند سال سے اس ٹیکنالوجی کو ایسے کاموں کے لیے استعمال کیے جانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے، جو کام پہلے صرف ذہین انسان ہی کرتے تھے۔

بھاری بھر کم گاڑیاں بنانے اور عمارتوں کی تعمیر سمیت سیکیورٹی کی ذمہ داریاں نبھانے والے روبوٹس کے بعد اب ڈینٹسٹ روبوٹ بھی سامنے آگیا۔

جی ہاں، چین میں پہلی بار روبوٹ ڈینٹسٹ نے خاتون کے 2 دانتوں کو فِکس کرکے عام افراد سمیت ڈاکٹرز کو بھی حیران کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: دانتوں کو جگمگانے والے 8 قدرتی نسخے

چینی اخبار ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیلی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی خبر میں بتایا کہ ریاست شانسی کے شہر شیان کے ایک ڈینٹل ہسپتال میں روبوٹ ڈینٹسٹ کی جانب سے خاتون کے دانت نصب کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق جدید کمپیوٹرائزڈ روبوٹ نے دانتوں کو نصب کرنے کی سرجری میں ایک گھنٹے کا وقت لگایا، اور اس دوران ڈینٹسٹ کی ایک ٹیم سارے کام کی نگرانی کرتی رہی۔

روبوٹ ڈینٹسٹ نے خاتون میں جو دانت نصب کیے، وہ بھی تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے بنائے گئے تھے۔

روبوٹ کی جانب سے سرجری کیے جانے کے بعد ڈینٹسٹ نے خاتون کا معائنہ کیا، اور وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ روبوٹ نے کوئی گڑ بڑ کیے بغیر درست انداز میں دانتوں کی سرجری کی۔

مزید پڑھیں: دانتوں کو قدرتی طور پر جگمگانے کے 6 حیران کن طریقے

خیال رہے کہ چین میں تربیت یافتہ ڈینٹسٹ کی قلت ہے، جس وجہ سے وہاں دانتوں کا علاج کافی مہنگا ہوتا ہے۔

ملک میں ماہر اور تربیت یافتہ ڈینٹسٹ کی قلت کو نظر میں رکھتے ہوئے چینی ماہرین نے گزشتہ چند سال سے دانتوں کے علاج، معائنے، سرجری اور دیگر کاموں کے لیے روبوٹ کی خدمات حاصل کرنا شروع کیں۔

تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ روبوٹ ڈینٹسٹ سے دانتوں کی سرجری کرائی گئی۔

روبوٹ کی جانب سے کامیاب سرجری کیے جانے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ اس طرح کے مزید روبوٹ تیار کرکے چین بھر میں روبوٹ ڈینٹسٹ کی خدمات حاصل کی جاسکیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024