• KHI: Sunny 14.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C
  • KHI: Sunny 14.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C

آزاد کشمیر:آتشیں اسلحہ فروخت کرنے پراسکول کے استاد پرمقدمہ

شائع September 26, 2017
پولیس نے مصدقہ اطلاعات پر ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا—فوٹو:طارق نقاش
پولیس نے مصدقہ اطلاعات پر ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا—فوٹو:طارق نقاش

آزاد کشمیر پولیس نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے قریب ضلع کوٹلی میں اسکول کے ایک استاد کے گھر سے بڑی مقدار میں آتشیں اسلحہ برآمد کرکے ان کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کردیا۔

سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) چوہدری ذوالقرنین سرفراز کا کہنا تھا کہ ریاست کے ایک سرکاری اسکول کے استاد اعجاز احمد تحصیل نکیال کے گاؤں جینڈروٹ میں اسلحہ اور بارود کے فروخت میں ملوث پائے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'باوثوق ذرائع سے اطلاعات ملی تھیں کہ انھوں نے بڑی تعداد میں اسلحے کو اپنے گھر جمع کررکھا ہے جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے ان کے گھر پر کارروائی کی اور مقامی سب ڈویژنل مجسٹریٹ سے وارنٹ حاصل کرلیے'۔

ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس نے متعلقہ استاد سے چھ عدد اے کے-47 رائفلز(کلاشنکوف)، کلاشنکوف سے ملتے جلتے ٹوبور رپیٹر، ایک عدد 223-بور گن، 5 ایم پی فائیوز، 30 بور گنز، 30 بور کے سات پستول، ایک عدد نائن ایم ایم پستول، مختلف بور کی 41 میگزین، مختلف بور کی 2 ہزار 367 گولیاں اور ایک خنجر بھی برآمد کرلیا ہے۔

چوہدری ذوالقرنین سرفراز نے کہا کہ ملزم شادی کی تقریبات کے لیے کرایے پر بھی اسلحہ فراہم کرتا تھا۔

انھوں نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ وہ کسی کالعدم تنظیم سے منسلک ہیں یا کسی دشمن ملک کے لیے کام کررہے ہیں۔

ایس پی کا کہنا تھا کہ 'بظاہر وہ پیسہ کمانے کے لیے اس غیرقانونی کاروبار میں ملوث تھے'۔

ان کا کہنا تھا کہ تفتیش کے مکمل ہونے سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025