نیشنل بینک کیلئے گنیز ورلڈ ریکارڈز کا اعزاز
کراچی: نیشنل بینک آف پاکستان کو چینی سرحد کے نزدیک درۂ خنجراب پر دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین نصب کرنے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے عالمی ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
نیشنل بینک نے یہ اے ٹی ایم مشین سطح سمندر سے 16,007 فٹ کی بلندی پر نصب کی تھی جو دنیا بھر میں کہیں بھی نصب کی گئی بلند ترین اے ٹی ایم مشین ہے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اس مشین کی شمولیت نیشنل بینک آف پاکستان کی ان کوششوں کا اعتراف ہے جن کے ذریعے وہ اعلیٰ ترین ٹیکنالوجی، پروڈکٹس اور خدمات کو اپنے کسٹمرز تک پاکستان کے تمام علاقوں میں پہنچانا چاہتے ہیں اور ان میں پاکستان کے شمالی علاقے، دیہی اور مضافاتی علاقے شامل ہیں۔
خیال رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب نیشنل بینک کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا گیا ہو، اس سے قبل جولائی 2009 میں مینگروز کے 532,887 پودے لگانے پر نیشنل بینک آف پاکستان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہوا تھا، یہ پودے کیٹی بندر کے علاقے میں ایک ہی دن میں لگائے گئے تھے۔
نیشنل بینک کے صدر سعید احمد نے اس اعزاز پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں فخر ہے کہ دنیا کے بلند ترین مقام پر ہماری نصب کردہ اے ٹی ایم مشین کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ نیشنل بینک میں ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے کسٹمرز کی روزمرہ زندگی کو آسان تر بنائیں، ہم ان کے بہترین مفاد کو سامنے رکھتے ہیں اور ہر کسٹمر کے ساتھ مثالی تجربہ کے ساتھ معاملت کرتے ہیں‘۔