’1983‘ میں رنویر سنگھ، کپل دیو بنیں گے
بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ جو بہت جلد ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ میں ولن کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، اپنا اگلا پروجیکٹ بھی سائن کرچکے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق رنویر سنگھ ہندوستانی بلے باز کپل دیو کی سوانح حیات پر مشتمل فلم میں ان کا مرکزی کردار ادا کریں گے۔
اس فلم کا نام ’1983‘ رکھا گیا ہے، یہ وہی سال ہے جب ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ جیتا تھا۔
مزید پڑھیں: ارجن بنیں گے کپل دیو ؟
اس فلم کی ہدایات کبیر خان دیں گے۔
بولی وڈ تجزیہ کار ترن آدرش نے بھی رنویر سنگھ کی اگلی فلم کے حوالے سے اپنے ٹوئٹر پیغام میں تصدیق کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رنویر سنگھ سے قبل اس فلم میں کپل دیو کے کردار کے لیے رنویر کے قریبی دوست ارجن کپور کو منتخب کیا جارہا تھا، تاہم کبیر خان کے مطابق رنویر اس فلم میں مرکزی کردار کے لیے پہلی پسند تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں کافی خوش ہوں کہ رنویر سنگھ، کپل دیو کا کردار ادا کریں گے، ایماندای سے بات کی جائے تو جب سے میں فلم کا اسکرپٹ فائنل کررہا ہوں مجھے ان کے علاوہ کوئی اس کردار کے لیے بہتر نظر نہیں آیا‘۔
یہ بھی پڑھیں: کھیلوں پر بننے والی دنیا کی بہترین فلمیں
فلم ’1983‘ اُس دور پر مبنی ہوگی جب کپل دیو انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان تھے، جنہوں نے دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم ویسٹ انڈیز کو ہرا کر ورلڈ کپ ہندوستان کے نام کروایا تھا۔
اس فلم کی کہانی نیشنل ایوارڈ یافتہ سنجے پورن سنگھ چوہان نے تحریر کی ہے۔
اس وقت رنویر سنگھ اپنی فلم ’پدماوتی‘ میں مصروف ہیں، جو رواں سال یکم دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔