• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان

شائع September 23, 2017 اپ ڈیٹ October 4, 2017

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دو ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

رواں برس انگلینڈ میں ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں گرین شرٹس کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔

سرفراز احمد کے علاوہ پاکستان ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ میں شان مسعود، سمیع اسلم، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، محمد اصغر، بلال آصف، میر حمزہ، محمد عامر، حسن علی، محمد عباس اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچ سیکیورٹی سے مشروط :سری لنکا

اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد، آل راؤنڈر محمد حفیظ اور نوجوان اسپنر شاداب خان ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا آئندہ سیریز کے لیے سرفراز کی پرفارمنس پوری ٹیم کے لیے بہت اہم ہوگی۔

سابق کپتان اور اوپننگ بیٹسمین سلمان بٹ کے حوالے سے چیف سلیکٹر نے کہا کہ انہیں ٹیم میں آنے کے دروازے بند نہیں ہوئے ہیں، وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس دے رہے ہیں اسی لیے انہیں ٹریننگ کیمپ میں بھی بلایا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سلمان بٹ کو طویل عرصے سے ٹیم سے باہر رہنے کے بعد سیدھا بین الاقوامی کرکٹ میں نہیں لایا جاسکتا تاہم انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفامنس کے بعد کسی ہوم سیریز کے لیے ٹیم میں لیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا اپنا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ پاکستان کے خلاف کھیلے گا

ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای میں وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اسی لیے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں جبکہ باؤلنگ کے شعبے کو مزید مضبوط کرنے کے لیے یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یاسر شاہ کی ٹیم میں شمولیت فٹنس ٹیسٹ سے مشروط تھی تاہم اپنا فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا۔

انضمام الحق نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین مڈل آرڈر کا خلا پورا کریں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر سے ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 6 اکتوبر سے دبئی کے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024