• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

میکسیکو میں 7.1 شدت کا زلزلہ، 226 افراد ہلاک

شائع September 20, 2017
میکسکو میں چند روز کے اندر  دوسرا قیامت خیز زلزلہ — فوٹو: اے ایف پی
میکسکو میں چند روز کے اندر دوسرا قیامت خیز زلزلہ — فوٹو: اے ایف پی

میکسیکو سٹی: شمالی امریکی ملک میکسیکو میں 7.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 226 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

یار رہے کہ گذشتہ دو ہفتے کے دوران میکسیکو میں یہ دوسرا خوفناک زلزلہ ہے جس سے دارالحکومت ’میکسیکو سٹی‘ سمیت ملک کے کئی علاقے ایک بار پھر لرز اٹھے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے امریکی جیولوجیکل سروے کے حوالے سے بتایا کہ وسطی میکسیکو میں آنے والے زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز دارالحکومت میکسیکو سٹی سے 123 کلومیٹر جنوب میں واقع قصبے پیوبلا کے قریب تھا۔

زلزلے کے نتیجے میں اسکول کی عمارت منہدم، کار ملبے تلے دب گئی — فوٹو / اے پی
زلزلے کے نتیجے میں اسکول کی عمارت منہدم، کار ملبے تلے دب گئی — فوٹو / اے پی

میکسیکو کی سِول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق اب تک ملک میں زلزلے کے نتیجے میں 226 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں سِول ڈیفنس ایجنسی کے سربراہ لوئس فیلیپے پوئینٹے نے کہا کہ میکسیکو کے دار الحکومت میکسیکو سٹی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوئیں۔

انہوں نے تصدیق کی کہ میکسیکو سٹی میں 117 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دارالحکومت کے جنوب میں واقع ریاست موریلوس میں 55 اور پیوبلا میں 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

زلزلے کے بعد میکسیکو کے صدر انریق پینا نیٹو نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں میکسیکو کے شہریوں سے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تباہ شدہ علاقوں میں لوگوں کو ہماری ضرورت ہے لیکن پہلے زلزلے کے نتیجے میں منہدم عمارتوں تلے دبے افراد کو نکالنا زیادہ اہم ہے۔

مزید پڑھیں: میکسیکوکی 100 سالہ تاریخ کا تباہ کن زلزلہ

میکسیکو کے دار الحکومت کے 40 فیصد حصوں جبکہ ریاست موریلوس کے 60 فیصد علاقوں میں اس وقت بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

زلزلے کے بعد لوگ امدادی کاموں میں مصروف — فوٹو / اے پی
زلزلے کے بعد لوگ امدادی کاموں میں مصروف — فوٹو / اے پی

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینتونیو گورتریز نے میکسیکو میں قیامت خیز زلزلے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس قدرتی آفت میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس مشکل گھڑی میں وہ میکسیکو کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

میکسیکو حکومت نے میکسیکو سٹی کے اس زلزلے کو بھی قومی سانحہ قرار دے کر متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی میکسیو زلزلے پر دکھ کا اظہار کیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا دکھ کی اس مشکل گھڑی میں میکسیکو کی عوام کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل میکسیکو کے ساحلی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے، جبکہ پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوب مغربی ساحل سے 100 میل دور تھا جبکہ اس کی شدت 8.1 ریکارڈ کی گئی، جو میکسیکو میں گذشتہ ایک صدی کے دوران سب سے تباہ کن زلزلہ تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024