• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

'کم مارجن سے جیتنا مسلم لیگ کی شکست تصور ہوگی'

شائع September 17, 2017

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے - 120 میں اگر مسلم لیگ (ن) کی جیت کم مارجن کے ساتھ ہوئی تو یہ پی ٹی آئی کی ہار نہیں بلکہ جیت تصور کی جائے گی۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'دوسرا رُخ' میں گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ مسلم لیگ کے پاس کھلا میدان نہیں تھا، بلکہ پی ٹی آئی کے ساتھ اس کا کانٹے کا مقابلہ ہوا۔

انھوں نے کہا کہ 'ابھی جو غیر حتمی نتائج آئے ہیں ان میں ہمارے اور ن لیگ کے ووٹروں میں کچھ زیادہ فرق نہیں، لہذا گنتی جاری ہے اور فیصلہ کچھ بھی ہوسکتا ہے'۔

مزید پڑھیں: این اے-120: کلثوم نواز کو یاسمین راشد پر برتری

ان کا کہنا تھا کہ این اے -120 کا نتیجہ جو بھی ہو، ہم اسے تسلیم کریں گے کیونکہ ایک دو واقعات کے علاوہ پولنگ کا عمل مکمل طور پر شفاف رہا جوکہ ہم نے خود دیکھا ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 لاہور میں ضمنی انتخاب میں پولنگ کا وقت مکمل ہونے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے تاہم موصول ہوانے والے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ نواز کی بیگم کلثوم نواز کو پی ٹی آئی کی امید وار ڈاکٹریاسمین راشد پر برتری حاصل ہے۔

لاہور کے این اے 120 کے 170 پولنگ اسٹیشنز سے حاصل ہونے والے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق کلثوم نواز نے 46 ہزار 695 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹریاسمین راشد کو کو37 ہزارووٹ ملے ہیں۔

اس سے قبل این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل آغاز اتوار (17 ستمبر) کی صبح 9 بجے ہوا اور شام 5 بجے تک جاری رہا۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز مسلم لیگ نواز کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے بطور امید وار سامنے آئی تھیں جبکہ ان کے مقابلے میں کُل 43 امیدوار موجود تھے۔

مزید پڑھیں: این اے 120 ضمنی انتخاب: امیدواروں کی حتمی فہرست جاری

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپرز کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو وزاتِ عظمیٰ کے عہدے سے نااہل قرار دیا تھا اور نواز شریف کے سبکدوش ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 120 پر ضمنی انتخاب کرانے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقہ این اے 120 پر ضمنی انتخاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نشست پر انتخاب 17 ستمبر 2017 کو ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024