نیب نے نواز شریف اور انکے بچوں کیخلاف 2 ریفرنسز دوبارہ جمع کرادیے
قومی احتساب بیورو (نیب) نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 2 ریفرنسز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دوبارہ پیش کردیے۔
شہر اقتدار کی احتساب عدالت کے رجسٹرار نے یہ ریفرنسز وصول کیے تاہم ان ریفرنسز کی وصولی کو انہوں نے اعتراضات کی جانچ پڑتال سے منسلک کیا جو اس سے قبل بھی اٹھائے گئے تھے۔
خیال رہے کہ اب تک نیب کی جانب سے پاناما پیپرز کیس کے فیصلے کی روشنی میں 3 ریفرنسز جمع کرائے جا چکے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف ریفرنس آج (14 ستمبر کو) جمع کرائے جانے کا امکان ہے کیونکہ یہ ریفرنس نیب حکام اور احتساب عدالت کے درمیان بات چیت کے باعث جمع نہیں کرایا جا سکا تھا۔
مزید پڑھیں: نیب ریفرنس: احتساب عدالت میں نوازشریف 19 ستمبر کو طلب
احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف لندن کی ایون فیلڈ میں موجود جائیداد اور جدہ میں عزیزیہ اسٹیل ملز سے متعلق 3 ریفرنسز منظور کر لیے۔
خیال رہے کہ نیب حکام نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف 4 ریفرنسز جمع کرائے تھے تاہم احتساب عدالت کے رجسٹرار نے 4 میں سے 3 ریفرنسز کو نامکمل کہتے ہوئے واپس کردیا تھا جبکہ رجسٹرار نے فلیگ شپ جائیداد کے حوالے سے ریفرنس کو منظور کیا تھا۔
نیب ترجمان کا کہنا تھا کہ عزیزیہ اسٹیل ملز اور لندن میں ایون فیلڈ پراپرٹیز کے ریفرنسز کو احتساب عدالت نے منظور کر لیا اور اس حوالے سے نیب کو رسیدیں بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسحٰق ڈار کے خلاف ریفرنس پر تمام اعتراضات کو ختم کردیا گیا ہے تاہم یہ بھی 14 ستمبر کو عدالت میں جمع کرادیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنس: نگران جج کی تعیناتی چیلنج
احتساب عدالت کے رجسٹرار نے ریسد پر لکھا ’آج 3:30 سہ پہر تحقیقاتی افسر محبوب عالم چشتی نے اعتراضات ہٹانے کے بعد ریفرنسز دوبارہ جمع کرائے جو 13 ستمبر 2017 کو ایک افسر کے اعتراضات کی چانچ پڑتال سے مشروط ہیں۔‘
خیال رہے کہ نیب نے گذشتہ جمعہ (8 ستمبر) کو پاناما پیپرز کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف 4 ریفرنسز جمع کرائے تھے جنہیں احتساب عدالت کے رجسٹرار نے اعتراض لگاتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔
رجسٹرار نے اعتراض اٹھایا تھا کہ نیب نے ریفرنسز میں 5 کے بجائے 3 کاپیاں جمع کرائی تھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ملزمان 5 ہیں تو نیب کی جانب سے تمام ریفرنسز کی 3 کاپیاں کیوں جمع کرائی گئیں، انہوں نے نیب حکام کو ہدایت جاری کیں کہ ان ریفرنسز کی مزید 2 کاپیاں جمع کرائی جائیں۔
یہ خبر 14 ستمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی