ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اراکین اسمبلی کو نوٹسز جاری
لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور کی خالی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے جاری انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین اسمبلی اور ڈپٹی میئر لاہور کو نوٹسسز جاری کردیئے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور کے ریٹرننگ آفیسر میاں محمد شاہد نے انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کو نوٹس جاری کردیا۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کے آفیسر نے پی ٹی آئی کی رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل کو بھی ڈاکٹر یاسمین راشد کی انتخابی مہم میں شرکت سے روک دیا۔
مزید پڑھیں: این اے 120 میں ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا
ریٹرننگ آفیسر میاں محمد شاہد نے مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹ پر نوٹس جاری کیا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے یو سی 63 میں نیو انارکلی کے دفتر کا افتتاح کیا تھا۔
ریٹرننگ آفیسر کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل نے بھی تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور پی ٹی آئی کے ایم پی ایز نے انتخابی دفتر کا افتتاح کرکے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کے بعد اراکین اسمبلی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے، اس کے لیے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور ایم پی اے سعدیہ سہیل انتخابی جلسوں میں شرکت نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: 'این اے-120 میں انتخاب سے قبل دھاندلی عروج پر'
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 120 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ڈپٹی میئر لاہور کو انتخابی مہم میں شرکت کرنے سے روکتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر نے ڈپٹی میئر لاہور میاں طارق کو جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ ریٹرننگ آفیسر میاں محمد شاہد نے پی ٹی آئی کی امیدوار یاسمین راشد کی درخواست پر مذکورہ نوٹس جاری کیا۔
یاسمین راشد نے الیکشن کمیشن میں پیش کی گئی درخواست میں ڈپٹی میئر لاہور میاں طارق لیگی امیدوار کلثوم نواز کے انتخابی جلسوں میں شرکت کر رہے ہیں، ڈپٹی میئر لاہور کی انتخابی مہم میں شرکت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
پی ٹی آئی کی امُیدوار نے الیکشن کمشن سے ڈپٹی میئر لاہور کو این اے 120 کے ضمنی انتخابی مہم میں شرکت سے روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈپٹی میئر لاہور لیگی امیدوار کی انتخابی مہم میں سرکاری مشینری کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: این اے 120 ضمنی انتخاب: امیدواروں کی حتمی فہرست جاری
اسی طرح ریٹرننگ آفیسر میاں محمد شاہد نے مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک اور حنا پرویز بٹ کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے لیگی خواتین اراکین اسمبلی کو کلثوم نواز کی انتخابی مہم میں شرکت سے روک دیا گیا۔
خیال رہے کہ ایم این شائستہ پرویز ملک اور ایم پی اے حنا پرویز بٹ نے 9 ستمبر کو مریم نواز کی سربراہی میں جلسے میں شرکت کی تھی۔
ریٹرننگ آفیسر نے تمام مذکورہ پی ٹی آئی اور لیگی اراکین اسمبلی کو 3 روز میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔