بھارت کی اشتعال انگیزی کاجواب دینے کوتیارہیں، کورکمانڈر راولپنڈی
کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے دورے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'بھارت کی جانب سے کوئی جارحیت یا غلط اندازہ لگایا گیا تو جارحانہ اور موثر جواب' دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ندیم رضا نے آزاد کشمیر کے سیکٹر بٹل اور سیکٹر دواریندی کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر راولپنڈی نے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر 'موثر جواب دینے اور جوانوں کے اعلیٰ حوصلے کی داد دی'۔
یہ بھی پڑھیں:'ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو بھارت پاک فوج کے قصے پڑھائے گا'
جنرل ندیم رضا نےبھارتی سرجیکل اسٹرائیک کے دعووں پر بات کرتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کی کسی بھی 'جارحیت' کا موثر جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے ستمبر 2016 میں اوڑی بیس پر حملے میں 19 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد آزاد کشمیر میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
بھارت نے اوڑی حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا بھی دعویٰ کیا تھا تاہم پاکستان نے بھارت کے دونوں دعوووں کو یک دم مسترد کیا تھا۔
مزید پڑھیں:سرجیکل اسٹرائیکس کابھارتی دعویٰ 'جھوٹا'، فائرنگ سے 2 پاکستانی فوجی جاں بحق
بھارت کی جانب سے مبینہ سرجیکل اسٹرائیک کے دعویٰ کے بعد ایل او سی پر حالات کشیدہ ہیں جہاں فائرنگ کا تبادلہ معمول بن گیا تھا جبکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوششوں کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔