میانمار میں پاکستانی اینکرپرسن کی ’حراست‘
کراچی: پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’بول نیوز‘ کے معروف اینکر عامر لیاقت حسین کے حوالے سے اس خوف کا اظہار کیا جارہا ہے کہ انہیں میانمار کے یانگون ائیرپورٹ پر امیگریشن حکام نے روکنے کے بعد حراست میں لے لیا ہے۔
نجی چینل ’بول نیوز‘ کے چیف نیوز آفیسر فیصل عزیز خان نے ڈان کو بتایا کہ عامر لیاقت حسین کو روہنگیا کے مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے حالیہ مظالم کی کوریج کے لیے میانمار بھیجا گیا تھا۔
فیصل عزیز خان کا کہنا تھا کہ ’یانگون ائیرپورٹ پر عامر لیاقت حسین سے ان کی آمد کی وجہ پوچھی گئی جس پر اینکر پرسن نے سچ بتایا، اس کے بعد سے ہمارا ان سے کوئی رابطہ نہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت حسین کو ممکنہ طور پر بینکاک واپس بھیجا جاسکتا ہے جہاں سے وہ یانگون ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’میانمار پہنچ گیا ہوں، لیکن امیگریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔۔۔۔۔۔۔ دعا کی درخواست ہے‘، اس ٹوئٹ میں ان کا ویڈیو پیغام بھی منسلک ہے۔
یہ رپورٹ 10 ستمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی