این اے120:ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2لیگی ارکان اسمبلی کو نوٹس
لاہور:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ (ن) کے 2 ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کردیے۔
ریٹرنگ افسر محمد شاہد نے پنجاب کے وزیر خوراک بلال یاسین اور رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے نوٹس جاری کیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کے لیے قائم کمیٹی کا کہنا ہے کہ دونوں ارکان اسمبلی نے این اے 120 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کی صاحبزادی مریم نواز کی انتخابی ریلیوں میں شرکت کی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ دونوں رکن صوبائی اسمبلی 3 دن میں وضاحت پیش کریں ورنہ قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
مزید پڑھیں: این اے 120: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلال یاسین سے جواب طلب
اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر خوراک سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے جواب طلب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر بلال یاسین انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تو آئندہ سماعت پر ان کی نااہلی کے لیے شوکاز نوٹس جاری کر دیا جائے گا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر وفاقی وزیر برائے کامرس و ٹیکسٹائل پرویز ملک کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے تحت رکن صوبائی اسمبلی الیکشن مہم میں حصہ نہیں لے سکتے۔
قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 لاہور پر ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا، یہ نشست سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے سلسلے میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 120 میں ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا
این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امیدوار یاسمین راشد کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔