• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

میکسیکو میں 8.1 شدت کا زلزلہ، 5 افراد ہلاک

شائع September 8, 2017
حکام نے میکسیکو کے عوام کو آفٹر شاکس کے لیے بھی تیار رہنے کی ہدایت کردی—۔فوٹو/ اے ایف پی
حکام نے میکسیکو کے عوام کو آفٹر شاکس کے لیے بھی تیار رہنے کی ہدایت کردی—۔فوٹو/ اے ایف پی

میکسیکو کے ساحلی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 3 میٹر (10 فٹ) سے بلند سونامی لہروں کی وارننگ بھی جاری کردی گئی

خبررساں ادارے اے پی کے مطابق میکسیکو کے ماہرین ارضیات نے جنوبی ریاست چیاپاس سے 120 کلومیٹر کے فاصلے پر ساحلی علاقوں میں آنے والے زلزلے کی شدت 8.4 بتائی تاہم امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 8.1 اور اس کی گہرائی 33 کلومیٹر (21 میل) تھی۔

میکسیکو کی وزیر داخلہ میگوئیل اوسوریو چونگ اور مقامی حکام کے مطابق 2 افراد چیاپاس میں عمارت گرنے کے باعث ہلاک ہوئے، مرنے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔

زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے جھٹکے ملک کے بیشتر علاقوں میں محسوس کیے گئے اور لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

دوسری جانب سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے عوام کو آفٹر شاکس کے لیے بھی تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی۔

زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے—۔فوٹو/ اے ایف پی
زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے—۔فوٹو/ اے ایف پی

پیسفیک سونامی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، 'تمام دستیاب ڈیٹا کے مطابق کچھ علاقوں میں سونامی کی بڑی لہریں اٹھنے کا امکان ہے'۔

مزید کہا گیا کہ، 'میکسیکو کے ساحلوں پر 3 میٹر سے بلند لہریں اٹھ سکتی ہیں جبکہ دیگر ممالک میں لہروں کی بلندی کچھ کم ہوگی'۔

میکسیکو کے صدر انریق پینا نیٹو نے چیاپاس اور میکسیکو سٹی میں تمام اسکول بند رکھنے کا حکم جاری کردیا، تاکہ حکام نقصان کا اندازہ لگا سکیں۔

واضح رہے کہ 1985 کے بعد سے میکسیکو میں آنے والا یہ شدید ترین زلزلہ ہے، جب میکسیکو سٹی میں 8.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 10 ہزار لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔

میکسیکو ایک ایسی پٹی پر واقع ہے، جہاں زیر زمین پلیٹس میں آنے والی تبدیلیوں کی وجہ سے یہاں زلزلے آتے رہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024