بلوچستان کی ترقی پاکستان کے لیے ’نہایت اہم‘: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے اور صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مکمل ہونا چاہیئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آرمی چیف نے عید کے دوسرے روز گوادر اور تربت کے دورے کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوادر اور تربت میں فوجی اہلکاروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور عید ملے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے وعدہ کیا کہ بلوچستان میں ترقی کے لیے پاک فوج ’تمام ریاستی اداروں کی مدد کرے گی‘۔
یہ بھی پڑھیں: عید کے روز پاکستان کی سیکیورٹی ہی بہترین خوشی ہے، آرمی چیف
اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے 17 جولائی کو حیات آباد میں ہونے والے خودکش حملے میں شہید میجر جمال شیران کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔
یاد رہے کہ عید کے پہلے روز آرمی چیف خیبر ایجنسی کی وادی راجگال پہنچے تھے جہاں پاک فوج نے حال ہی میں خیبر فور آپریشن مکمل کیا ہے۔
راجگال میں فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے فرائض کی انجام دہی ہی سب سے بڑی خوشی ہے۔