عید کے روز پاکستان کی سیکیورٹی ہی بہترین خوشی ہے، آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باوجوہ خیبر ایجنسی کی وادی راجگال کے اگلے مورچوں میں تعینات جوانوں سے عید ملے اور کہا کہ عید پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے فرائض کی انجام دہی ہی سب سے بڑی خوشی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ اگلے مورچوں میں تعینات جوانوں اور افسران سے گلے ملے اور کہا کہ 'عید کے روز پاکستان اور اس کے عوام کی سیکیورٹی کے لیے فرائض انجام دینا ہمارے لیے بہترین خوشی ہے'۔
جنرل قمر باجوہ نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے ملحق وادی راجگال میں تعینات افسران اور جوانوں سے شاباش دیتے ہوئے کہا کہ 'پاکستان ہمارا وقار اور زندگی ہے اورہماری زندگی اور جانیں پاکستان کے لیے حاضرہیں'۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 'پاک وطن سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں اور ہم اس کو دنیا کا بہترین ملک بنائیں گے'۔
یاد رہے کہ پاک فوج نے رواں سال خیبر ایجسنی کے علاقے راجگال میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن خیبر فور کیا تھا جہاں کئی دہشت گردوں کو ہلاک اور کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے 21 اگست کو آپریشن خیبر 4 کی تکمیل کا اعلان کیا تھا جبکہ اس آپریشن کا آغاز 15 جولائی کو کیا گیا۔
مزید پڑھیں:آپریشن خیبر 4 کامیابی سے مکمل ہوگیا،آئی ایس پی آر
آپریشن خیبر فور کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ اس آپریشن کے دوران 52 دہشت گرد ہلاک جبکہ 31 دہشت گرد زخمی اور چار نے ہتھیار ڈال دیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ آپریشن خیبر فور میں پاک فوج کے 2 سپاہی شہید اور 6 زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد کیے جانے والے سامان میں بارودی سرنگ بنانے والا سامان ملا ہے جس پر ’میڈ ان انڈیا‘ لکھا ہوا تھا۔