• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کپل شرما نے اپنا شو بند ہونے پر خاموشی توڑ دی

شائع September 1, 2017
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بھارت کے انٹرٹینمینٹ ٹی وی چینل ’سونی‘ پر چلنے والے کامیڈی شو ’کپل شرما شو‘ کے میزبان نے پروگرام بند کرنے سے متعلق خاموشی توڑ دی۔

خیال رہے کہ سونی ٹی وی نے 31 اگست کو ’کپل شرما شو‘ کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پروگرام کو میزبان کی خراب صحت کی وجہ سے بند کیا جا رہا ہے۔

ٹی وی چینل نے اپنے بیان میں میزبان کی بیماری سے متعلق کچھ نہیں بتایا تھا، تاہم ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

کپل شرما کا شو ایسے وقت میں بند کیا گیا، جب ان سے متعلق کئی خبریں گردش کر رہی تھیں، علاوہ ازیں میزبان کی جانب سے متعدد بار ریئلٹی شو کی شوٹنگ آخری چند منٹوں میں منسوخ کیے جانے کی وجہ سے بڑے بڑے اداکار ٹی وی چینل اور شو کی ٹیم سے خفا ہوگئے تھے، جس وجہ سے شو کو جاری رکھنا ممکن نہیں رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹی وی چینل نے ’کپل شرما شو‘بند کردیا

رپورٹس کے مطابق کپل شرما نے اجے دیوگن اور شاہ رخ خان جیسے اداکاروں کی جانب سے پروگرام میں شرکت کیے جانے کے موقع پر اچانک آخری اوقات میں شو کی ریکارڈنگ منسوخ کی تھیں ، جس پر دونوں اداکار خفا ہوگئے تھے۔

اس دوران کپل شرما کی ناساز صحت سے متعلق خبریں آتی رہیں، لیکن ان کی تصدیق نہ ہوسکی، جب کہ چینل نے بھی ان کی صحت سے متعلق کچھ وضاحت کیے بغیر بتایا کہ ان کی صحت ٹھیک نہیں۔

چینل کی جانب سے شو کو بند کیے جانے کے اعلان کے ایک دن بعد کپل شرما نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ اپنی صحت سے متعلق کوئی رسک نہیں لینا چاہتے، وہ ان دنوں ٹھیک نہیں‘۔

شوبز ویب سائٹ پنک والا سے خصوصی بات چیت کے دوران کپل شرما نے سونی ٹی وی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی طبیعت خراب ہے، اوپر سے آنے والے چند ہفتوں میں ان کی فلم ریلیز ہونے والی ہے، جس وجہ سے وہ پریشان بھی تھے۔

مزید پڑھیں: کپل شرما کی جیکولین فرنینڈز سے 'شادی'

کپل شرما نے کہا کہ وہ جلد ہی اپنی ٹیم کے ساتھ شو میں واپس آئیں گے، اور پہلے سے زیادہ پرجوش انداز میں پروگرام کریں گے۔

علاوہ ازیں ہندوستان ٹائمز نے اپنی خبر میں بتایا کہ کپل شرما بلڈ پریشر اور دباؤ کا شکار ہیں، جس وجہ سے انہوں نے متعدد بار اپنے شو کی ریکارڈنگ بھی آخری لمحات میں منسوخ کی۔

اخبار نے کپل شرما کے دباؤ کی وجوہات نہیں بتائیں، تاہم یہ بتایا کہ کامیڈین میزبان و اداکار طبیعت ٹھیک ہوتے ہی اپنے شو کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ کپل شرما شو کا شمار بھارت کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے شوز میں ہوتا ہے، جب کہ یہ ریئلٹی شو اس سے قبل بھی متعدد بار کچھ وقت کے لیے بند ہوچکا ہے، تاہم یہ شو زیادہ مدت کے لیے بند نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: کپل شرما اور اجے دیو گن

کپل شرما شو میں معروف بولی وڈ شخصیات اپنے فلموں کی تشہیر کے لیے بھی شامل ہوتے ہیں، جب کہ شو کے میزبان خود بھی فلموں میں اداکاری کرتے ہیں۔

کپل شرما نے اپنے ہی شو میں براہ راست اداکارہ جیکولین فرنانڈس بھی شادی کرکے لوگوں اور مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024