’ٹیوب لائٹ‘ اور ’جب ہیری میٹ سیجل‘ کیوں ناکام ہوئیں؟
بولی وڈ اداکار سلمان خان کے والد سلیم خان ایک بہترین اسکرین رائٹر مانے جاتے ہیں جنہوں نے بولی وڈ کی کئی کامیاب فلموں کے اسکرپٹ لکھے۔
انہوں نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی دو بڑے بجٹ کی فلموں ’ٹیوب لائٹ‘ اور ’جب ہیری میٹ سیجل‘ کی ناکامی کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سلیم خان نے ان دونوں فلموں کے باکس آفس پر ناکام ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’ٹیوب لائٹ ایک اچھی فلم تھی اور یہ باکس آفس پر اچھا بزنس کرتی اگر اس میں سلمان کی جگہ کوئی اور اداکار ہوتا، لیکن فلم میں سلمان جیسے ایکشن ہیرو کو شامل کرنا، جو ہر سین میں رو رہا ہو، یا مار کھا رہا ہو، یہ شائقین کو یقیناً پسند نہیں آئے گا، راج کپور جیسا اداکار ہر سین کرسکتا ہے، چاہے عام آدمی ہو، رومانوی کردار ہو یا کامیڈین، لیکن سلمان کی شخصیت ایسی ہے کہ وہ ہر کردار ادا نہیں کرسکتے‘۔
مزید پڑھیں: ’ٹیوب لائٹ‘ : سلمان خان کی فلم کو آپ کیسا پائیں گے؟
انہوں نے شاہ رخ خان کی فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ کی ناکام ہونے کی وجہ خراب اسکرپٹ کو قرار دیا۔
سلیم خان نے کہا کہ ’اس فلم کی ناکامی کی واحد وجہ یہی ہے کہ ہم خراب فلمیں بنا رہے ہیں، ہمارے پاس اچھے لکھاری موجود نہیں، فلم کا اسکرپٹ کافی کمزور تھا‘۔
خیال رہے کہ فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی کہانی دو بھائیوں پر مبنی تھی جو ایک دوسرے سے الگ ہوجاتے، یہ کردار سلمان خان اور سہیل خان نے ادا کیے۔
جبکہ فلم ’ہیری میٹ سیجل‘ کی کہانی بیرون ملک مقیم ایک لڑکے پر مبنی تھی، جس کی ملاقات ایک لڑکی سے ہوتی اور پھر یہ مل کر اس لڑکی کی منگنی کی انگوٹھی ڈھونڈتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ریویو: جب ہیری میٹ سیجل
فلم ’ہیری میٹ سیجل‘ میں شاہ رخ خان اور انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیے۔
یہ دونوں ہی فلمیں شائقین اور تجزیہ کاروں کو متاثر کرنے میں ناکام رہیں اور 2017 کی فلاپ فلمیں قرار پائیں۔