آرمی چیف، تاجک صدر کا افغان امن عمل کی حمایت کا اعادہ
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف نے خطے میں امن کے قیام کے لیے افغان قیادت میں امن عمل کی حمایت کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں چار ملکی انسداد دہشت گردی تعاون فورم کی سائڈ لائن ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ اور امام علی رحمانوف نے علاقائی سلامتی اور افغان امن عمل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں پاکستان کی رکنیت میں تعاون پر تاجکستان کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
امام علی رحمانوف نے اس موقع پر پاکستان کے عوام کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا اور قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
فریقین نے مذاکرات کی اہمیت، علاقائی تعاون اور افغان قیادت میں امن عمل کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ افغانستان اور خطے میں امن کے لیے خیالات میں ہم آہنگی پائی گئی۔
آرمی چیف اور تاجکستان کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔