پی ٹی آئی کے سابق وزیر ضیااللہ آفریدی پیپلز پارٹی میں شامل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق صوبائی وزیر اور رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ضیا اللہ آفریدی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
ضیا اللہ آفریدی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ضیا اللہ آفریدی نے باضابطہ طور پر تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی اور صوبائی صدر ہمایوں خان بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ضیا اللہ آفریدی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور صوبائی وزیر خزانہ مظفر سعید پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ ان دونوں رہنماؤں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر جلد پشاور میں صوبائی احتساب کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ضیاء اللہ آفریدی کی پارٹی رکنیت معطل
انہوں نے پرویز خٹک اور مظفر سعید کی جانب سے بینک آف خیبر کے منیجنگ ڈائریکٹر کی مبینہ طور پر غیر قانونی تعیناتی کے خلاف کوئی اقدام نہ اٹھانے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس صوبے کی حکمراں جماعتوں کی کرپشن کے پختہ ثبوت ہیں، جنہیں ول جلد میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے لائیں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ نے صرف سیاسی حریفوں کو ہدف بنانے کے لیے احتساب کمیشن تشکیل دیا۔
ضیا اللہ آفریدی 2013 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
انہیں خیبر پختونخوا کے احتساب کمیشن نے جولائی 2015 میں معدنیات کے محکمے میں کرپشن کے متعدد چارجز اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کیا تھا۔
بعد ازاں تحریک انصاف نے ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی تھی۔
تاہم انہیں اکتوبر 2016 میں پشاور ہائی کورٹ نے ضمانت پر جیل سے رہا کردیا تھا۔