• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

پاکستان کے مطالبے پر امریکی نائب وزیرخارجہ کا دورہ ملتوی

شائع August 27, 2017

امریکا نے پاکستانی حکومت کے مطالبے پر قائم مقام نائب وزیر خارجہ اورپاکستان افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی ایلس ویلز کا پاکستان کا دورہ ملتوی کر دیا ہے۔

امریکی سفارت خانے کے ترجمان رک سانلسن نے ایلس ویلز کے دورہ پاکستان کے التویٰ کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی درخواست پر ایلس ویلز کا دورہ پاکستان ملتوی کیا گیا ہے تاہم دونوں حکومتیں باہمی مشاورت سے دورے کی نئی تاریخ کا اعلان کریں گی۔

قبل ازیں امریکی قائم مقام وزیرخارجہ کو شیڈول کے مطابق رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کرنا تھا اور اس دوران ان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں بھی طے تھیں۔

امریکی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ ایلس ویلزکا دورہ پاکستان، امریکا کی سفارت کاری برائے جنوبی ایشیا کا حصہ ہے اور وہ یہاں سے ڈھاکا روانہ ہو ں گی۔

مزید پڑھیں:امریکا کی نمائندہ خصوصی رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی

واشنگٹن میں قائم امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکا کی قائم مقام خصوصی نمائندہ 28 اگست سے 2 سمتبر کے دوران اسلام آباد، ڈھاکا اور کولمبو کا دورہ کریں گی۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ دورے میں وہ ان ممالک کے حکام، کاروباری رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گی اور خطے میں امریکی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران ایلس ویلز کا یہ دوسرا دورہ پاکستان تھا جس کو اب ایک مرتبہ پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزامات کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قومی سلامتی کمیٹی نے امریکا کے الزامات کو یکسر مسترد کردیا

امریکا کی جانب سے افغانستان اور جنوبی ایشیا کے لیے نئی امریکی پالیسی پر مشاورت کے لیے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف آئندہ ہفتے کے دوران اپنے تین ملکی دورے کا آغاز کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ کے دورہ چین، روس اور ترکی کے لیے حتمی تاریخیں طے کی جارہی ہیں، ان ممالک کے دوروں کا فیصلہ 24 اگست کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے خلاف الزامات کو یکسر مسترد کردیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024