• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم نے پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل ٹو کا افتتاح کردیا

شائع August 27, 2017

کراچی: وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے بندرگاہ پورٹ قاسم پر مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے ’ٹرمینل ٹو‘ کا افتتاح کردیا ہے۔

ایل این جی ٹرمینل ٹو کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قدرتی گیس کا یہ ٹرمینل ملک میں گیس کی سپلائی کا ایک بڑا ذریعہ ہے جبکہ صنعتوں کو بلاتعطل گیس کی سپلائی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایل این جی کو پاکستان درآمد کرنے کی کوششیں کی گئیں جو ناکام ہوئیں۔

وزیر اعظم نے ایل این جی کو پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کا واحد ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم پاکستان کے توانائی نظام میں مزید قدرتی گیس کا اضافہ نہیں کریں گے تو ہم کبھی بھی توانائی بحران پر قابو نہیں پاسکتے۔

مزید پڑھیں: پاکستان قطر سے ایل این جی درآمد جاری رکھے گا

وزیر اعظم نے کہا کہ ایل این جی پاکستان لانے کے لیے دو پارٹیوں نے بولی جمع کرائی تھی تاہم ایل این جی کی بولی کا عمل مکمل شفاف رہا اور شفافیت کے ساتھ ہی ٹھیکہ دیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایل این جی ٹھیکے کے بعد 14 ماہ کی قلیل مدت میں ایل این جی پر کام شروع کردیا گیا اور اب تک ایل این جی کے 102 جہاز پاکستان آچکے ہیں۔

کراچی میں اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی گورنر ہاؤس میں لیگی سینیٹرز اور ارکان اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

خیال رہے کہ رواں برس اپریل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے شیخوپورہ میں 1180 میگاواٹ پیداواری استعداد رکھنے والے بھکی پاور پلانٹ کا افتتاح کیا تھا۔

بھکی پاور پلانٹ ایل این جی سے چلنے والا پاکستان کا پہلا پاور پلانٹ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گذشتہ برس قطر کے ساتھ ایک ارب ڈالر کا معاہدہ کیا، جس کے تحت قطر کی لیکیوفائیڈ گیس کمپنی لمیٹڈ 2016 سے 2031 کے دوران پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو ایل این جی فروخت کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024