این اے 120 ضمنی انتخاب: امیدواروں کی حتمی فہرست جاری
لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی جس کے مطابق کُل 44 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔
اب تک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بلا، مسلم لیگ (ن) کو شیر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو تیر کا انتخابی نشان الاٹ کیا جاچکا ہے۔
سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری کی ابھرتی ہوئی جماعت پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار منصف اعوان کو کالا کوٹ الاٹ کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں: 'این اے-120 میں انتخاب سے قبل دھاندلی عروج پر'
موو آن پارٹی کی روحی بانو کو شتر مرغ کا نشان الاٹ کیا گیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی ورکر گروپ کی ساجدہ میر کو وکٹری کا نشان دے دیا گیا۔
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار بہادر خان ہوتی کو لال ٹین، لیگی رہنما اور آزاد امیدوار حافظ نعمان کو لیپ ٹاپ جبکہ آزاد امیدوار پرویز گجر کو ہرن کا انتخابی نشان دیا گیا ہے۔
ریٹرننگ افسر محمد شاہد کے مطابق حلقے میں 220 پولنگ اسٹیشنز اور 573 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جبکہ پریزائیڈنگ افسروں سمیت عملے کے تربیتی پروگرام کا آغاز 6 ستمبر سے شروع ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 120: جماعت الدعوۃ کی سیاسی جماعت کلثوم نواز کی مخالف
محمد شاہد نے بتایا کہ این اے 120 میں 10 امیدواروں نے کاغذات واپس لیے جن میں پیپلز پارٹی کے عزیز الرحمٰن چن اور زبیر کاردار اور پی ٹی آئی کی عندلیب عباس اور جاسم شریف شامل ہیں۔
خیال رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے محمد نواز شریف کامیاب ہو کر وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے، جنہیں سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 28 جولائی کو نااہل قرار دے دیا تھا۔
نواز شریف کی بطور وزیر اعظم نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 لاہور میں ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا۔