کرکٹ کے بعد ہاکی ورلڈ الیون کی بھی پاکستان آمد کا اعلان
پاکستان میں کھیلوں کے سونے میدان آباد ہونے خواب حقیقت کا روپ دھارنے لگا ہے اور کرکٹ کے بعد ہاکی فیڈریشن نے بھی ورلڈ الیون کی آمد کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کی کاوشوں سے آئندہ ماہ ملک میں کھیلوں کے سونے میدان آباد ہو جائیں گے اور ورلڈ الیون کی ٹیم ستمبر میں تین ٹی20 میچوں کیلئے پاکستان کے دورے پر آئے گی جسے ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کی بحالی کے سلسلے میں اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
کرکٹ بورڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہاکی فیڈریشن نے بھی نومبر میں ورلڈ الیون کے آنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر نے کہا کہ رواں سال نومبر کے تیسرے ہفتے میں ورلڈ الیون کراچی آئے گی جو شہر قائد اور لاہور میں ایک ایک میچ کھیلے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کیلئے حکومت سمیت تمام متعلقہ حکام کو اعتماد لیا ہے اور حکومت نے مکمل سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
شہباز سینئر نے کہا کہ ہاکی ورلڈ الیون میں اولمپک چیمپیئن اور ورلڈ چیمپئن ٹیموں کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے جبکہ آسٹریلیا، جرمنی اور ہالینڈ سمیت دیگر ملکوں کے اہم کھلاڑیوں ٹیم کا حصہ بنانے کیلئے بات چیت جاری ہے۔
سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ دو میچوں کی سیریز کے دوران ماضی کے عظیم کھلاڑی دھنراج پلے، پال لیجن اور چارا ورتھ کو ہال آف فیم بھی دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی ایک عرصے سے کسی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور چین وہ آخری انٹرنیشنل ٹیم تھی جو 12-2011 میں پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔