• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا

شائع August 24, 2017

کراچی: پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈ ہاکی لیگ میں خراب کارکردگی کے باوجود آئندہ برس بھارت میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ہاکی کی عالمی تنظیم (ایف آئی ایچ) کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم نے یورپیئن ہاکی چیمپیئن شپ کے نتائج کی بدولت ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔

پاکستان ٹیم اس وقت ہاکی کی عالمی درجہ بندی میں 14ویں نمبر پر براجمان ہے اور عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی 13ویں ٹیم ہے۔

مزید پڑھیں: ہاکی میں بڑی تبدیلیاں، نئی مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کا اعلان

ہاکی ورلڈ کپ 2018 آئندہ برس 24 نومبر سے 16 دسمبر تک بھارت کے شہر بھوبانیشور میں کھیلا جائے گا، جس میں آسٹریلیا دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان 2014 میں ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگیا تھا۔

پاکستان ٹیم ہاکی ورلڈ کپ مقابلوں کی اب تک کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جس نے 13 میں سے 12 مرتبہ ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا اور 6 مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ ہاکی لیگ:بھارت کی پاکستانی ٹیم کو ایک اور شکست

پاکستان چار مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ اپنے نام کر چکا ہے جو اب تک کا سب سے زیادہ مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ جیتنے کا ریکارڈ ہے۔

آئندہ برس بھارت میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے لیے اب تک جن ممالک کی ٹیموں نے کوالیفائی کیا ان میں میزبان بھارت سمیت آسٹریلیا، انگلینڈ، ارجنٹینا، کینیڈا، ہالینڈ، اسپین، ملائشیا، آئرلینڈ، جرمنی، بیلجیئم، نیوزی لینڈ اور پاکستان شامل ہیں۔

ایف آئی ایچ کے مطابق عالمی کپ میں کُل 16 ٹیمیں شرکت کریں گی، تاہم مزید تین ٹیموں کا فیصلہ ایشیا، اوشیانا اور افریقہ میں ہونے والے کنٹیننٹل چیمپیئن شپ کے نتائج پر ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024