• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

آرمی چیف کا نواز شریف کو فون، ’کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے دعا‘

شائع August 23, 2017

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو گلے کے کینسر کی تشخیص کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نواز شریف سے فون پر رابطہ کیا اور ان کی اہلیہ کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے دعا کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ان سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کلثوم نواز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جیسا کہ وہ بیماری سے لڑرہی ہیں میں ان کے لیے دعاگو ہوں کہ وہ کینسر کے خلاف جنگ جیت جائیں‘۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ اور این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کو گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: والدہ کو کینسر کی تشخیص کے بعد مریم نواز انتخابی مہم چلائیں گی

شریف خاندان کے قریبی اور پارٹی کے سینئر رہنما نے ڈان کو علاج کی غرض سے لندن میں موجود کلثوم نواز کی طبی رپورٹس میں گلے کے کینسر کی تشخیص ہونے کی تصدیق کی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز کے گلے کا کینسر قابل علاج ہے اور وہ جلد صحتیاب ہوجائیں گی، واضح رہے کہ کلثوم نواز 17 اگست کو غیر متوقع طور پر لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوگئی تھیں۔

کلثوم نواز کی عدم موجودگی میں ان کی بیٹی مریم نواز انتخابی عمل کی نگرانی کریں گی کیونکہ اب تک پنجاب کے ضمنی انتخاب کی حکمت عملی طے کرنے والے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی لندن میں مقیم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024