• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ٹرمپ کے الزامات:چین کا پاکستان کی بھر پورحمایت کے عزم کا اعادہ

شائع August 22, 2017
— فائل فوٹو / اے ایف پی
— فائل فوٹو / اے ایف پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور الزامات لگانے کے بعد چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کی بھر پورحمایت کے عزم کا اعادہ کردیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے دورہ چین کے دوران وانگ ای سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر رضامندی کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں افغانستان کے علاوہ کشمیر، عالمی امور اور خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

چین کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں اور عالمی برداری پاکستان کی ان کوششوں کو مکمل طور پر تسلیم کرے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی ہر آزمائش پر پورا اترنے والی اسٹریٹجک دوستی کو مزید مستحکم بنائیں گے۔

اس موقع پر تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ تمام باہمی دلچسپی کے امور پر کھڑا رہے گا۔

ملاقات میں وزرائے خارجہ کی سطح پر پاکستان، چین اور افغانستان پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

قبل ازیں چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چُن ینگ نے امریکی صدر کے بیان پر پاکستان کا دفاع کرتے ہوئے زور دے کر کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان صف اول میں کھڑا ہے اور امن دشمنوں سے جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا عالمی برادری کو اعتراف کرنا چاہیے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے علاقائی اور عالمی سلامتی اور استحکام کے لیے عظیم قربانیاں دیں جبکہ جنوبی ایشیا میں امن کےقیام کے لیے پاکستانی کردار کا ادراک کیا جانا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024