• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امریکی جنگی جہاز کا ٹینکر سے تصادم، 10 افراد لاپتہ

شائع August 21, 2017
امریکی نیوی کی جانب سے جاری کردہ جنگی جہاز کی رواں سال جون میں لی گئی ایک تصویر—فوٹو: اے ایف پی
امریکی نیوی کی جانب سے جاری کردہ جنگی جہاز کی رواں سال جون میں لی گئی ایک تصویر—فوٹو: اے ایف پی

مشرقی سنگاپور کے پانیوں میں امریکی جنگی جہاز اور ایک ٹینکر میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں امریکی بحریہ کے عملے کے 10 افراد لاپتہ جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران یہ امریکی جنگی جہاز کو پیش آنے والا دوسرا حادثہ ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی نیوی کا کہنا تھا کہ ’امریکا کا گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس جون ایس مکین نامی جہاز آبنائے ملاکا میں مرچنڈ ویسل ایلنک ایم سی سے ٹکراگیا‘۔

امریکی نیوی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’ابتدائی رپورٹ کے مطابق تصادم کے نتیجے میں جون ایس مکین کی پچھلی سمت کو نقصان پہنچا‘۔

تصادم کا شکار ہونے والا جنگی جہاز اب لنگر اندازی کے لیے سنگاپور بندرگاہ کی جانب رواں دواں ہے۔

امریکی بحریہ کے مطابق ’جہاز کے عملے میں شامل 10 افراد لاپتہ جبکہ 5 زخمی ہیں، لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے مقامی انتظامیہ کے تعاون سے سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے‘۔

مزید پڑھیں: امریکی بحریہ کا جہاز، تجارتی جہاز سے ٹکرا گیا،7 افراد لاپتہ

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’نقصان اور زخمی اہلکاروں کا تخمینہ لگایا جارہا ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی‘۔

واضح رہے کہ اس ڈیسٹرائر کا نام امریکی سینیٹر جان مکین کے والد اور دادا کے نام پر رکھا گیا ہے جو امریکی نیوی میں ایڈمرل تھے۔

حادثے کے حوالے سے جان مکین نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ‘یو ایس ایس جون ایس مکین میں سوار امریکی ملاحوں کو دعا میں یاد رکھے ہوئے ہیں جبکہ سرچ اور ریسکیو ٹیموں کے کام کو بھی سراہتے ہیں‘۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایک ٹوئیٹ کے ذریعے امریکی جہاز کے عملے کے لیے دعاؤں اور نیک خیالات کا اظہار کیا۔

حادثے کے بعد امریکا، ملائیشیا اور سنگاپور کے جہازوں اور طیاروں کے ذریعے لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل شروع کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا کی امریکی بحری بیڑا تباہ کرنے کی دھمکی

انڈسٹری ویب سائٹ میرین ٹریفک کے مطابق امریکی جنگی جہاز کے ساتھ تصادم کا شکار ہونے والا جہاز لائبیریا کا ٹینکر تھا جو 30 ہزار ٹن سے زائد تیل اور کیمیکل کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں امریکی جنگی جہاز کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے، رواں سال جون میں امریکی جہاز یو ایس ایس فٹز جیرلڈ اور فلپائن کی کارگو شپ میں ہونے والے تصادم میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس حادثے کا نشانہ بننے والے 19 سے 37 سال کی درمیانی عمر کے افراد کی لاشیں ایک روز بعد غوطہ خوروں نے نکالی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024