پاکستان مہاجرین کی میزبانی کرنے والادنیا کاسب سے بڑاملک
اقوام متحدہ کی تنظیم برائے مہاجرین (یواین ایچ سی آر) کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان گزشتہ تین دہائیوں سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والا ملک ہے۔
یو این ایچ سی آر کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس وقت افغانستان سے تعلق رکھنے والے 14 لاکھ 50 ہزار کے قریب مہاجرین موجود ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تین دہائیوں سے خلوص کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے اور اس حوالے سے عالمی برادری کی جانب سے مزید تعاون کی اشد ضرورت ہے۔
دوسری جانب پاکستان سے رضاکارانہ طور پر افغانستان واپس جانے والے مہاجرین کی تعداد بھی دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں:3 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی وطن واپسی
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یواین ایچ سی آر مارچ 2002 سے پاکستان مین رجسٹرڈ41 لاکھ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے تعاون کررہا ہے۔
یاد رہے کہ یواین ایچ سی آر کی جانب سے گزشتہ سال اکتوبر میں ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کے تعاون سے 2016 میں پاکستان میں مقیم تقریباً 3 لاکھ افغان مہاجرین اپنے وطن واپس چلے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:افغان مہاجرین کے قیام میں مارچ 2017 تک توسیع
دستاویزات کے مطابق رضاکارانہ واپسی پروگرام کے تحت 3 لاکھ 13 ہزار رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی واپسی ہوچکی تھی۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی پاکستان میں قیام کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کرتے ہوئے انھیں 31 مارچ 2017 تک ملک میں رہنے کی اجازت دی تھی۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کابینہ نے ایکسٹینش آف پروف آف رجسٹریشن کارڈز (پی او آر) Tripartite Agreement کے تحت رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام میں مارچ 2017 تک توسیع کی منظوری دی۔