اسلام آباد میں آن لائن ٹیکسی سروس کے خلاف احتجاج
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جڑواں شہروں کے ٹیکسی ڈرائیورز نے آن لائن ٹیکسی سروس کے خلاف احتجاج کیا اور اس دوران مشتعل ٹیکسی ڈرائیورز نے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔
جڑواں شہروں کے ٹیکسی ڈرائیورز نے احتجاج کا آغاز فیض آباد کے مقام سے شروع کیا جہاں سیکڑوں ٹیکسیاں اکٹھی ہوئیں اور بنی گالا کی طرف احتجاج کا آغاز کیا گیا تاہم راستے میں راول ڈیم چوک پر پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو آگے جانے سے روک دیا۔
بعد ازاں ٹیکسی ڈرائیورز نے اپنے مطالبات کے حق میں راول ڈیم چوک پر ہی احتجاج کا آغاز کردیا جسے ٹیکسی ڈرائیور ایسوسی ایشن کی بھرپور حمایت حاصل تھی۔
مظاہرین حکومت سے مطالبہ کررہے تھے کہ آن لائن ٹیکسی کو کمرشل کیا جائے جبکہ ان کو رجسٹر کرکے ان کی تعداد کو محدود بھی کیا جائے۔
احتجاج کرنے والے ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ آن لائن ٹیکسی سروس کی وجہ سے ان کی آمد محدود ہوگئی ہے اور انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا ہے۔
پولیس کے روکے جانے کے بعد سیکڑوں ٹیکسیوں پر مشتمل قافلے نے راول ڈیم چوک کو بلاک کردیا اور مشتعل مظاہرین نے راستے سے گزرنے والی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے۔
تاہم کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری راول ڈیم چوک پر موجود ہے۔
خیال رہے کہ ٹیکسی مالکان نے بنی گالاہ تک مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
تبصرے (2) بند ہیں