• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm

پی ٹی آئی نے کلثوم نوازکے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کردیا

شائع August 19, 2017

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق خاتون اول اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں درخواست پی ٹی آئی کی سینئر رہنما عندلیب عباس کی جانب سے انیس علی ہاشمی ایڈووکیٹ نے دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ریٹرننگ افسر نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کو حقائق کے برعکس منظور کیا اور 2 گھنٹے دلائل سننے کے بعد 15 منٹ میں فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: این اے 120 ضمنی انتخاب: کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

درخواست کے مطابق کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی میں بہت سے تضادات موجود ہیں اور لیگی امیدوار نے کاغذات نامزدگی داخل کرتے ہوئے قانون کی مختلف شقوں کی بھی صریحاً خلاف ورزی کی۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ کاغذات نامزدگی کی منظوری کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا فیصلہ دیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے لیگی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی 17 اگست کو منظور کیے تھے۔

کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی پر حلقے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امیدوار یاسمین راشد کی جانب سے اعتراضات لگائے گئے تھے، تاہم الیکشن کمیشن نے تمام اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 120 میں ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق امیدوار 25 اگست تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں اور حتمی فہرست 26 اگست کو جاری کی جائے گی۔

یاد رہے کہ یہ نشست سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025