• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

حکومت کے خلاف سازش میں مشرف کی بدروح شامل ہے، پرویز رشید

شائع August 18, 2017

سابق وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے اپنے استعفے کو جمہوریت بچانے کے لیے قربانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورت حال کی سازش کے پیچھے پرویز مشرف کی بدروح ہے۔

نجی ٹی وی سماء کوایک انٹرویو میں پرویز رشید نے کہا کہ 'پاکستان میں ایک روح ہے جو پھرتی رہتی ہے بلکہ بد روح ہے جس کو میں پرویز مشرف کہتا ہوں جو سیاسی جماعتوں، سیاسی ذہنوں میں اور کہیں نہ کہیں دوسرے اداروں میں موجود ہے، ادارے کا نام نہیں لے رہا بلکہ افراد میں موجود ہے'۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 'اس سے پہلے وزراء اعظم جب نکالے جاتے تھے تو اپنے گھروں کو جاتے تھے دو چار مہینوں میں لوگوں کو ان کا نام بھی یاد نہیں رہتا تھا اس مرتبہ لوگوں نے فوری ردعمل دیا ہے'۔

سازش کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 'جو سوچ ہے اس سوچ کے نتیجے میں یہ سب کچھ ہورہا ہے اور پاکستان تحریک انصاف نےجوکچھ کیا وہ مہرے کا کردار ہی تھا، اور اس سوچ کو تبدیل بھی کرنا پڑے گا، اس کا راستہ بھی روکنا ہوگا اور اس کا مقابلہ بھی کرنا ہوگا'۔

سابق صدرپرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'ان کے بھیجنے میں ہمارا کردار نہیں تھا لیکن ہم روک نہیں سکے، اس لیے روکنے کاکام ہم اکیلے نہیں کرسکتے تھےاس کے لیے پوری ریاست کے تمام اداروں کی مدد چاہیے تھی جو ہمیں میسر نہیں ہوسکی جبکہ وہ خود اپنی زبان سےکہہ چکے ہیں انھیں بھیجنے میں کسی اور نے مدد کی تھی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وزارت داخلہ ہوتے ہوئے ہمارے خلاف فیصلے بھی ہوئے ہیں، وزارت داخلہ ہوتے ہوئے جے آئی ٹی بھی بنی ہے اور وٹس ایپ بھی ہوئے ہیں'۔

یاد رہے کہ اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے ڈان خبر کے معاملے پر کوتاہی برتنے پر پرویز رشید سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا قلم دان واپس لے لیا تھا۔

وزارت سے استعفے پر بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ 'یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہےمیں ایک سیاسی کارکن ہوں اور سیاسی کارکن کے طور پر پہلے بھی کردار ادا کرتا تھا اب بھی کرتا جارہاہوں، بہت سے سچ اپنے وقت پر ثابت ہوتے ہیں اور جمہوریت ابھی ناتواں ہے اور لڑکھڑاتی ہے، دھکے کھا جاتی ہے اس کو بچانے کے لیے اگرمیری ذات کی قربانی دینی پڑتی ہے تو میں نے خوشی سے اس قبول کیا'۔

مزید پڑھیں:ڈان کی خبر کی تحقیقات:وزیر اطلاعات سے استعفیٰ لے لیا گیا

پرویز رشید نے کہا کہ 'میرے وزیراعظم بھی اس فلسفے پر یقین رکھتے ہیں اس لیے صبر سے کام لیتے ہیں'۔

دوسری جانب سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کے ترجمان نے پرویز رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'معلوم نہیں کہ کچھ لوگ اپنی ناکامیوں پر وزارت داخلہ پر الزام کیوں دیتے ہیں'۔

چوہدری نثار کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈان خبرمعاملے پر 6 رکنی کمیٹی کے ارکان میں سے صرف ایک رکن وزارت داخلہ سے تھا اور اگر اخلاقی جرأت ہے تو پرویز رشید ڈان خبرمعاملے کی رپورٹ عام کرنے کامطالبہ کریں۔

خیال رہے کہ پرویزرشید کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان مسلم لیگ نواز اورسابق وزیراعظم نواز شریف اپنی نااہلی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کررہے ہیں اور اس مبینہ طور پر سازش قرار دیتے ہوئے ووٹ کے تقدس کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کررہے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

abdul rehman Aug 19, 2017 08:28am
After a long time Govt. Spokesman announced the person behind the PM disqulification.

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024