• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

نواز شریف میرے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں: ایاز صادق

شائع August 15, 2017

لاہور: قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نواز شریف ان کے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں اور پورا پاکستان ان کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت رائے ونڈ میں ہونے والے طویل مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف دوستوں اور شہریوں کے مطالبے پر جی ٹی روڈ کے راستے سے لاہور آئے تھے اور ان کو جو پذیرائی ملی وہ سب کے سامنے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف میرے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں، اسی لیے نواز شریف کے لیے میرے منہ سے بار بار وزیراعظم ہی نکلتا ہے'۔

مزید پڑھیں: جی ٹی روڈ ریلی:’فیصلہ دینے والے عوام کا فیصلہ بھی دیکھ لیں‘

مشاورتی اجلاس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف نے اجلاس میں کسی ادارے سے تصادم کی بات نہیں کی بلکہ انہوں نے اپنا حق لینے کی بات کی ہے'۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کا ہر حصہ نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے، نواز شریف ہر جگہ جائیں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس جگہ کے لوگ سابق وزیراعظم کو زیادہ شدت سے بلائیں گے وہ وہاں ضرور جائیں گے۔

آئین میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ 'جو ہونا تھا، وہ ہوچکا اب آگے دیکھنا ہے'۔

یہ پڑھیں: نواز شریف کا دیگر صوبوں میں بڑی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ جمعہ اور جمعرات کو الیکشن اصلاحات بل کے حوالے سے ملاقات ہوگی جس کے لیے 125 اجلاس ہوچکے ہیں۔

’نواز شریف کی نااہلی کے باوجود (ن) لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا‘

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

بعد ازاں لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ’پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی کا کام بھی جاری رہے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بارہا کہا آئین میں اہم ترامیم کی ضرورت ہے، آئین میں ایسی شق شامل کرنا ہوں گی جس سے ہر ایک کو فوری انصاف ملے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کی نااہلی کے باوجود (ن) لیگ کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی بلکہ اضافہ ہوا، ان کے دوروں کا حتمی شیڈول تیار کیا جارہا ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔‘

قبل ازیں نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسپیکر سردار ایاز صادق کے علاوہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز، وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر ریلوے سعد رفیق، وزیر داخلہ احسن اقبال، سابق وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، سینیٹر آصف کرمانی، وزیر مملکت انوشہ رحمٰن اور دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے۔

مشاورتی اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024