• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

آزادی کے 70 سال مکمل، اسلام آباد میں مرکزی پرچم کشائی کی تقریب

شائع August 14, 2017 اپ ڈیٹ August 15, 2017
صدر مملکت پرچم کشائی کرتے ہوئے—فوٹو: ڈان نیوز
صدر مملکت پرچم کشائی کرتے ہوئے—فوٹو: ڈان نیوز

ملک بھر میں پاکستان کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے کا جشن ملی جوش و جذبے سے منایا گیا اور پوری قوم نے مادر وطن کو ہر خطرے سے محفوظ رکھنے اور پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق ایک حقیقی اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے عزم کی تجدید کی۔

پاکستان کے 71ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے قومی پرچم لہرایا۔

پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مہمان خصوصی چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ بھی موجود تھے۔

حسنِ عمل کی دوستی عمر بھر چلتی ہے: نائب چینی وزیراعظم

نائب چینی وزیراعظم وانگ یانگ —فوٹو: ڈان نیوز
نائب چینی وزیراعظم وانگ یانگ —فوٹو: ڈان نیوز

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں اپنے خطاب میں پاکستان کو 71ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے چینی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان کی دعوت اور چینی صدر شی جن پنگ کی ایماء پر یہاں چین کی نمائندگی کررہا ہوں اور 20 کروڑ پاکستانی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہوں'۔

پاکستانیوں کی قربانیوں اور جدوجہد کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی عوام نے 70سال کے دوران جدوجہد کرکے اپنے ملک کا تحفظ یقینی بنایا اور وسائل کی کمی کے باوجود ملک کی ترقی کے لیے محنت کی'۔

پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'چین اور پاکستان ایک دوسرے سے منسلک ہیں جبکہ جدید دور یکساں مصائب اور جدوجہد کی تاریخ کی بدولت دونوں ممالک ایک ساتھ کھڑے ہیں'۔

چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ 'مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاک-چین تعلقات آزمائشوں پر پورے اترے ہیں، حسن عمل کی دوستی عمر بھر چلتی ہے'۔

قوم کا مزاج جمہوری اور پارلیمانی ہے: صدرِ پاکستان

—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کی دعا کرتے ہوئے اپنے خطاب میں صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ 'چین کے اعلیٰ سطح کے وفد کی موجودگی آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کررہی ہے'۔

چین کے نائب وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ چینی وفد کی موجودگی اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ 'پاکستان اور چین اہم عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'تحریک آزادی اور قیام پاکستان سے لے کر اب تک کے حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ ہماری قوم کا مزاج بنیادی طور پر جمہوری اور پارلیمانی ہے جس پر وہ بارہا اپنے اعتماد کا اظہار کرچکی ہے'۔

صدر ممنون کے مطابق 'تاریخ کا جبر ہے کہ مزاج سے مطابقت رکھنے والا نظام پورے طور پر برگ و بار نہ لا سکا'۔

ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ قوم گروہی اور طبقاتی مفادات سے اٹھ کر اپنے درمیان وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرے، جمہوری رویے میں بلوغت اور پختگی جبکہ قومی ترقی اور استحکام کی ہمواری کا راستہ یہی ہے۔

اسلام آباد میں جاری مرکزی تقریب کے مناظر —فوٹو: ٖڈان نیوز
اسلام آباد میں جاری مرکزی تقریب کے مناظر —فوٹو: ٖڈان نیوز

ملکی مسائل کے حل کی تجویز دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'اس وقت ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ غیر جذباتی طریقے سے ان مسائل کا جائزہ لے کر ملک میں اعتدال اور معقولیت کو فروغ دیا جائے'۔

صدر ممنون حسین کا مزید کہنا تھا کہ 'قوم امید رکھتی ہے کہ قائدین گروہی مقاصد سے اوپر اٹھ کر ملک کے مستقبل کی حفاظت کریں گے'۔

کنونش سینٹر میں ہونے والی تقریب کے اختتام کے بعد صدر، وزیراعظم، چین کے نائب وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جمہوریت کے گمنام مشاہیر کی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

واضح رہے کہ یومِ آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

مزارِ قائد اور مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

علی الصبح صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے کیڈٹس نے مزارقائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور عدنان احمد تھے۔

اس سے قبل مزارِ اقبال پر ہونے والی خصوصی تقریب میں پاک فوج کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ کرنل فیصل حمید نے پرچم کشائی کی۔

واضح رہے کہ پاک فوج سے پہلے پنجاب رینجرز نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال رکھے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے جشن آزادی میں گوگل بھی ساتھ ساتھ

دن بھر صوبائی دارالحکومتوں، ضلعی ہیڈکوارٹرز اور دیگر اہم قومی اداروں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔

71ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کی تمام اہم سرکاری اور نجی عمارتوں، سڑکوں اور شاہراہوں کو چراغاں، قومی جھنڈوں، قومی مشاہیر کی تصاویر، بینرز اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ٹوئٹر بھی یوم آزادی پر پاکستانیوں کے ساتھ

ادھر تمام اہم سرکاری اور نجی عمارتوں، سڑکوں اور شاہراہوں پر نہایت دلفریب چراغاں کیا گیا اور انہیں قومی جھنڈوں، قومی مشاہیر کی تصاویر، بینرز اور جھنڈیوں کے ذریعے بہت خوبصورتی سے سجایا گیا جو انتہائی دلکش منظر پیش کر رہی تھیں۔

آزادی کے جشن کو چار چاند لگانے کے لیے اسلام آباد سے آزادی ٹرین بھی چلائی گئی۔

اس خصوصی ٹرین میں تحریک پاکستان کے مختلف پہلووؤں، ملکی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024