وزیراعظم نے ای او بی آئی کے چیئرمین کی برطرفی کی منظوری دے دی

شائع August 12, 2017

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوٹ (ای او بی آئی) کے چیئرمین ظفر گوندل کوکرپشن اور قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات پربرطرف کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم ہاوس کی جانب سے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ‘قابل افسران کی جانب سے ظفرگوندل پر لگے کرپشن اور قواعد کی خلاف ورزی کے الزمات کے حوالے سے کئی انکوائریاں کی گئیں’ جہاں پر الزامات ثابت ہوگئے۔

وزیراعظم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیرعظم شاہد خاقان عباسی نے انکوائری رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ان کی برطرفی کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ ظفر گوندل پاکستان آڈٹ اینڈ اکاوئنٹس سروس کے گریڈ 20 کے افسر ہیں۔

ظفرگوندل کی برطرفی کی درخواست ایک افسر نے اس کیس کا مجموعی طورپر جائزہ لینے کے بعد 4 جنوری کو دی تھی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بطور ای او بی آئی کے چیئرمین انھوں نے ادارے کو بھاری نقصان پہنچایا۔

وزیراعظم ہاوس کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ ‘ظفر گوندل کے خلاف ڈاکیومنٹری ثبوت بالکل واضح ہیں اور یہ ثبوت انکوائری افسر کو ان کے خلاف الزامات کو حتمی طور پر ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں’۔

مزید کہا گیا ہے کہ ‘وزیراعظم نے سفارشات موصول ہونے کے بعد آئین میں حاصل اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے موثر ثبوت کی بنا پر اس نتیجے پر پہنچے کہ ظفرگوندل کرپشن اور قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگئے ہیں’۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025