انڈر ٹیکر ایک بار پھر واپسی کے لیے تیار؟
ریسل مینیا 33 میں رومن رینز کے ہاتھوں شکست کے بعد اپنا کوٹ، دستانے اور ہیٹ رنگ میں چھوڑنے کے بعد کہا جارہا ہے کہ انڈر ٹیکر نے ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا ہے اور اب وہ جسمانی طور پر رنگ میں ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔
اس میچ کے دوران انڈر ٹیکر اپنی پرانی فارم میں نظر نہیں آئے اور اس سے بھی یہ خیال مضبوط ہوا کہ وہ ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ چکے ہیں، تاہم اب لگتا ہے کہ وہ ایک بار پھر واپس آسکتے ہیں اور وہ بھی صرف ایک میچ کے لیے۔
ایک رپورٹ کے مطابق انڈر ٹیکر کی ایک اور میچ کے لیے واپسی کا امکان ہے اور یہ رومن رینز سے ری میچ ہوگا تاکہ کیرئیر کا اختتام فتح پر کیا جاسکے۔
مزید پڑھیں : انڈر ٹیکر آخری مقابلہ کس ریسلر سے چاہتے تھے؟
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ' ایسا بالکل ممکن ہے، جو ایک وجہ انڈر ٹیکر کو پھر ریسلنگ کی دنیا میں واپس لاسکتی ہے وہ رومن رینز کو شکست دینا ہے، وہ اس سے پہلے بھی ریسلنگ کی دنیا کو چھوڑنے کا فیصلہ کرچکے تھے مگر پھر بھی رنگ میں واپس آئے'۔
ریسل مینیا 32 کے بعد بھی انڈر ٹیکر نے ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑنے کا عندیہ ظاہر کیا تھا مگر پھر وہ واپس آگئے۔
اگر انڈر ٹیکر رومن رینز سے دوبارہ مقابلے کے لیے واپس آتے ہیں اور جیتے ہیں تو ہوسکتا ہے کہ ان دونوں کے درمیان تیسرا فیصلہ کن میچ بھی ہو۔
یہ بھی پڑھیں : انڈر ٹیکر کو رنگ میں واپسی کا 'حکم'
تاہم انڈر ٹیکر کو ہپ انجری کا سامنا ہے اور ان کی واپسی اسی وقت ممکن ہے جب وہ جسمانی طور پر مکمل فٹ ہوں ۔
ویسے ابھی تک ڈبلیو ڈبلیو ای یا انڈرٹیکر دونوں میں سے کسی نے بھی ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
انڈر ٹیکر 27 سال تک ریسلنگ کی دنیا میں سرگرم رہے جبکہ ریسل مینیا کے پچیس سالہ ریکارڈ میں انہوں نے 23 بار فتوحات سمیٹیں تاہم بظاہر ان کے کیرئیر کا اختتام شکست کے ساتھ ہوا۔